جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صبح یہاں ایم اے سٹیڈیم میں 74 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر یو ٹی سطح کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا ۔ لفٹینٹ گورنر نے یومِ جمہوریہ پریڈ کے دستوں کا معائینہ کیا اور سلامی لی ۔ یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں فوج ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، آئی آر ایف ( خواتین اور مرد ) ، جموں و کشمیر پولیس ، جے کے اے پی ، یو ٹی ڈیزاسٹر رسپانس فورس ، جموں و کشمیر فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جے اینڈ کے فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، جے اینڈ کے ایکسائیز ڈیپارٹمنٹ ، این سی سی ( بوائیز اینڈ گرلز ) ، بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس ( لڑکیاں اور لڑکے ) کے علاوہ کئی سکولی دستے ، فوج کے براس اینڈ پائپ بینڈ ، بی ایس ایف ، جے اینڈ کے پولیس ، جے اینڈ کے آرمڈ پولیس اور بینڈ ٹروپس ( لڑکی اور لڑکے ) ، مختلف سکولوں کے طلباء شامل تھے ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں اور محکموں نے جموں و کشمیر کے ڈیجٹل سفر اور سوچھ بھارت مشن کے حوالے سے جادوئی پرفارمنس پیش کیں اور بیداری پھیلائی ۔ قبل ازیں لفٹینٹ گورنر نے پولیس شہداء کی یاد گار اور بلیدان ستمبھ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر ہند کے بہادر دلوں اور جنگی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی علاقائی سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں ۔ یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں چیف جسٹس ( اے ) جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججز ، جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر ، مئیر جموں میونسپل کارپوریشن ، اراکین پارلیمنٹ ، ڈی ڈی سی چئیر پرسن جموں ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی ، چئیر مین جے اینڈ کے وقف بورڈ ، یو ایل بیز اور پی آر آئیز کے منتخب نمائندے ، سابق قانون سازوں ، سینئر سول ، پولیس اور آرمی افسران ، سیاسی اور سماجی رہنما ، ممتاز شہری ، میڈیا پرسنز اور شہریوں نے شرکت کی ۔










