کہا،200 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم یہ پلانٹ مقامی روزگار پیدا کرے گا، ذیلی صنعتوں کو فروغ دے گا، خواتین اور نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرے گا اور جموں و کشمیر کی اقتصادی ترقی میںنمایاں حصہ ادا کرے گا
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سانبہ میں ایوریڈی اِنڈسٹریز اِنڈیا لمیٹڈ کے نئے صنعتی یونٹ کا اِفتتاح کیا۔ یہ پلانٹ جو 200 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا ہے، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، ذیلی صنعتوں، سپلائرز اور سروس فراہم کنندگان کو فروغ دے گا، ہنر مندی کی ترقی کو بڑھاوادے گا، خواتین کے لئے مواقع پیدا کرے گا اور جموں و کشمیر کی اِقتصادی ترقی میں نمایاں حصہ اَدا کرے گا۔اُنہوں نے کہا،’’ایوریڈی کے پلانٹ کا اِفتتاح، یونین ٹیریٹری میں بدلے ہوئے ماحول وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جن کی قیادت میں جموں و کشمیر کے لئے ایک نئی تقدیر رقم کی گئی ہے۔ ان کے ویژن نے ایک خوشحال جموں و کشمیر کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ سانبہ، کٹھوعہ، جموں اور کشمیر کے کئی حصوں میں آج ہم جس صنعتی انقلاب کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ جموں و کشمیر کے لئے ایک نئے دور کی زندہ علامت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں صنعتی ترقی کا دائرہ محض معاشی اعداد و شمار سے آگے بڑھ کر پورے یونین ٹیریٹری میں تبدیلی کا سب سے طاقتور ذریعہ بن گیا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’اس کمپنی کے پلانٹ کا قیام پورے جموں و کشمیر کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ مواقع کو اَپنانے، قوم کی خدمت کرنے اور مستقبل کی راہ روشن کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ جموں و کشمیر کی بے پناہ صلاحیتوں پر مضبوط اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے اِفتتاحی تقریب کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 2021 میں نئی صنعتی پالیسی کے آغاز کے بعد جموں و کشمیر میں صنعتی تبدیلی کو اُجاگر کرنے کے لئے اہم اعداد و شمار پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ مالی برس 2025-26 میں ہی جموں و کشمیر نے 5,824 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی جو 2021 سے پہلے کے اوسط سے 13 گنا زیادہ ہے۔ مالی برس 2022-23 میں سرمایہ کاری 2,153 کروڑ روپے، 2023-24 میں 3,389 کروڑ روپے اور 2024-25 میں 4,145 کروڑ روپے رہی۔ اِس کے علاوہ 7,864 کروڑ روپے مالیت کے 312 یونٹوں پر اِبتدائی کام کا نصف حصہ مکمل ہو چکا ہے اور ان میں پیداوار 2026-27 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ جموں و کشمیر میں پہلی بار 500 کروڑ روپے سے زائد سرمایہ کاری والے کئی یونٹس بھی قائم ہوئے ہیںجن میں چیری پال پولی فلمز (1,215 کروڑ روپے)، کندھاری بیوریجز (830 کروڑ روپے) اور ایجیوس (666 کروڑ روپے) شامل ہیں۔ مالی برس-27 2026 میں مزید تین یونٹس کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔اُنہوں نے کہا،’’سٹارٹ اپس کی تعداد 2020 میں صرف 69 سے بڑھ کر مالی برس 2025-26 میں 1,305 ہو گئی ہے جوکہ 1,800 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔ تمام صنعتی یونٹوں اور پی ایم اِی جی پی کے تحت تعاون یافتہ یونٹوں کے ساتھ مل کر لاکھوں نوجوانوں نے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کئے ہیں۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ برس 22 ؍اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے تمام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو نہیں بھولے جنہوں نے ہماری ماؤں اور بہنوں کے سندور پر بری نظر ڈالنے کی جرأت کی تھی۔اُنہو ںنے کہا،’’میں آپریشن سندور کے بہادر سپاہیوں کو بھی یاد کرتا ہوں جنہوں نے ہر آنسو کا بدلہ لیا۔ آج جموں و کشمیر میں اس نئے صنعتی یونٹ کا اِفتتاح ایک واضح اور مضبوط اعلان ہے کہ بھارت نہ رُکے گا اور نہ ہی ٹھہرے گا، بلکہ ترقی کی راہ پر نئے جوش اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج کے اِفتتاح سے ہم نے پوری دنیا کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ جہاں ہمارا پڑوسی ملک دہشت گردی کی فیکٹریاں چلا رہا ہے، وہیں ہندوستان ترقی اور کامیابی کی فیکٹریاں قائم کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’آج ہم نے دنیا کو بتایا ہے کہ جہاں ہمارے پڑوسی کی فیکٹریاں دہشت گرد پیدا کرتی ہیں وہیں ہندوستان کی فیکٹریاں قوم کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ ہم یہ بھی بتا رہے ہیں کہ جموں و کشمیر کی اِقتصادی صلاحیت، صنعتی توانائی اورجامع ترقی ایک نئے احساس کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔‘‘ایوریڈی اِنڈسٹریز اِنڈیا لمیٹڈ کے نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر موہت برمن نے کہا کہ جدید ترین گرین فیلڈ سہولیت خطے میں مکمل پیمانے پر تقریباً 500 براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ کمپنی ’آتم نربھر بھارت‘کے ویژن میں بھی اَپنا حصہ اَدا کرنے کا اِرادہ رکھتی ہے۔ایوریڈی کا نیا مینوفیکچرنگ پلانٹ سالانہ تقریباً 360 ملین الکلائن بیٹریوں کی اعلیٰ پیداوار کی صلاحیت رکھتا ہے جس کی سالانہ تنصیب کی گنجائش 456 ملین ہے۔ایوریڈی کا صنعت کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اِضافہ کرتے ہوئے جموں یونٹ ملک میں گھریلو مینوفیکچرنگ کو فروغ دے گا اور اعلیٰ کارکردگی والی پاور سلوشنز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔اِس موقعہ پرنان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ارجن لامبا، چیف ایگزیکٹیو آفیسر انربن بنرجی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر و سی ایف او ببیک اگروالا، چیف ہیومن ریسورس آفیسرسندیپ بنرجی، ہیڈ آپریشنزارون سہائے اور ایوریڈی اِنڈسٹریز اِنڈیا لمیٹڈ کے دیگر ممبران موجود تھے۔اِفتتاحی تقریب میں کمشنر سیکرٹری صنعت وحرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ، ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ آیوشی سوڈن، ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں ارون کمار منہاس،سینئر اِفسران اور تجارتی و صنعتی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔جناب وکرمجیت سنگھ، کمشنر سیکریٹری، صنعت و تجارت محکمہ؛ محترمہ آیوشی سوڈان ڈپٹی کمشنر سامبا؛ جناب ارون کمار منہاس، ڈائریکٹر، صنعت و تجارت، جموں؛ افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکام اور تجارتی و صنعتی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔










