JCBکی مدد سے ٹیوب ویل بند،کوئی دیکھنے نہیں آیا،لوگوںکاالزام
سوپور//شمالی کشمیر کے مشہور قصبہ سوپور کے مضافاتی گائوں بومئی میں ایک ٹیوب ویل سے گیس کے اچانک اخراج نے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے یہاں تک کہ انہوں نے جل شکتی محکمہ پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ بومئی کے لوگری پورہ گاؤں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ایک ٹیوب ویل یا کنواں کھودا گیا تھا، تاہم گیس کے اچانک اخراج سے کھدائی کرنے والوں سمیت سبھی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔کچھ لوگوںنے زیر کھدائی کنویںکے نزدیک گھاس پھوس جمع کرکے جب اس کوتلی دکھائی تویہاں گھاس میں آگ لگ گئی ۔لوگوں نے جل شکتی محکمہ پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اہلکار نے اس معاملے کو دیکھنے کے لئے اس جگہ کا دورہ نہیں کیا۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ جب ہم نے یہ معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے لایا تو انہوں نے جے سی بی کی مدد سے ٹیوب ویل کو بند کرنے کو کہا، لیکن خود گاؤں جانے کی زحمت تک نہیں کی۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اس معاملے کا جلد از جلد نوٹس لینے کی اپیل کی ۔










