شری امر ناتھ جی یاتریوں کیلئے 70بستروں پر مشتمل مکمل طور پر لیس ڈی آر ڈی او ہسپتال کا افتتاح کیا
گاندر بل / /لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج ایک دن کے طویل دورے کے دوران شری امر ناتھ جی یاترا کے بال تل اور پہلگام دونوں جگہوں کا دورہ کیا اور تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے بال تل اور پہلگام کے راستوں پر سہولیات کا بھی معائینہ کیا اور بنیادی کیمپوں میں جائیزہ میٹنگوں کی صدارت کی جس میں قیام ، صحت کی دیکھ بھال ، مواصلاتی نیٹ ورک ، صفائی ، پانی کی فراہمی ، موسم کی پیشن گوئی ، ہنگامی ردِ عمل ، آگ سے حفاظت اور دیگر تمام بنیادی ضروریات شامل ہیں ۔ بال تل میں لفٹینٹ گورنر نے شری امر ناتھ جی یاتریوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کیلئے 70 بستروں پر مشتمل مکمل طور پر لیس ڈی آر ڈی او ہسپتال کا افتتاح کیا ۔وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی طرف سے مالی اعانت سے چلنے والے ہسپتال میں ایکسرے ، جنرل وارڈ ، اوپی ڈی ، آئی سی یو ، آکسیجنیٹڈ وارڈ ، فارمیسی ، لیبارٹری اور الٹراساؤنڈ جیسی سہولیات موجود ہوں گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یاتریوں کیلئے بہتر سہولیات ، بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کیلئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے انتظام میں شامل تمام محکمے بہترین ممکنہ سہولیات کو یقینی بنائیں کیونکہ سالانہ یاترا کیلئے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے ۔ اپنے دوروں کے دوران لفٹینٹ گورنر نے کیمپ ڈائریکٹرز ، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں سے بات چیت کی اور یاترا کے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے تمام حساس مقامات پر فائر آڈٹ کرنے کی ہدایت دی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی باقاعدہ مشترکہ میٹنگیں منعقد کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے تفویض کردہ کاموں کو وقت پر مکمل کرنے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے سالانہ یاترا کے محفوظ اور کامیاب انعقاد کیلئے یاترا کے انتظام میں شامل تمام محکموں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے صفائی ستھرائی کے عملے کی مناسب تعیناتی ، مناسب جگہوں پر کوٹے دان کی تنصیب ، خدمات فراہم کرنے والوں کی تربیت ، ہائی ایلٹی ٹیوڈ سکنیس کیلئے طبی امداد ، شرح فہرستوں کی نمائش ، یاتریوں کے انتظار کے وقت کو کم سے کم کرنے سے متعلق واضح ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے یاترا کو پلاسٹک سے پاک بنانے پر زور دیا ۔ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے سی ای او نتیشور کمار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا ٹریک پر تمام شناخت شدہ مقامات پر 10 دن کی ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنے کے علاوہ جن سیٹس کیلئے ڈیزل کا پہلے سے ذخیرہ کریں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ مسٹر آر کے گوئل ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وجے کمار ، ڈی سی گاندر بل مسٹر شیامبیر ، ڈی سی اننت ناگ پیوش سنگلا ، ، پولیس ، سول انتظامیہ اور ایس اے ایس بی کے دیگر سینئر افسران لفٹینٹ گورنر کے ہمراہ تھے ۔










