لداخ تشدد کا متحمل نہیں ہوسکتا، خطہ میں امن بگاڑنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا

بے گناہوں کیلئے انصاف اور مجرموں کیلئے سخت سزا کا بندوبست کیا گیا / کویندر گپتا

سرینگر / سی این آئی // لداخ تشدد کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن کچھ لوگ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں بخشا نہیں جائے گاکا اعلان کرتے ہوئے خطہ کے لیفٹنٹ گورنر کوریندر گپتا نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو، بشمول وہ لوگ جنہوں نے اپنے بیانات اور تقریروں کے ذریعے ہجوم کو تشدد پر اکسایا، کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کیلئے انصاف اور مجرموں کیلئے سزا کا بندوبست ہونا چاہیے۔سی این آئی کے مطابق ایک قومی انگریزی خبررساں ایجنسی کے ساتھ بات کرتے ہوئے لداخ کے لیفٹنٹ گورنر کویندر گپتا نے واضح کیا کہ لداخ تشدد کا متحمل نہیں ہوسکتا اور کہا کہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیہہ میں 24 ستمبر کو ہونے والے تشدد کی مجسٹریل جانچ شروع کر دی گئی ہے جس میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے قصبے میں تیزی سے بہتر ہونے والی صورتحال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ گپتا نے کہا کہ بھارتیہ ناگرک تحفظ سنہتا کی دفعہ 163 پورے لداخ میں نافذ ہے، جس میں 24 ستمبر کے واقعات کو دوبارہ نہ ہونے سے بچنے کے لیے لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا ’’تمام دکانیں اور کاروباری ادارے کھلے رہنے اور چوتھے دن بھی دفاتر کے کام کرنے کے ساتھ صورتحال تقریباً معمول پر ہے۔ آٹھویں جماعت تک کے اسکول بھی (جمعہ کو) کھل گئے اور کمرشل گاڑیاں چل رہی ہیں۔ مجموعی طور پر صورتحال معمول پر ہے اور کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ ‘‘ تاہم انہوں نے کہا’’کچھ لوگ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ڈیپ فیک ویڈیوز کی گردش سے ظاہر ہے اور ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جا رہی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’بہت سے لوگوں کو، بشمول وہ لوگ جنہوں نے اپنے بیانات اور تقریروں کے ذریعے ہجوم کو تشدد پر اکسایا، کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بے گناہوں کے لیے انصاف اور مجرموں کے لیے سزا کا بندوبست ہونا چاہیے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی انہیں بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لداخ ایک ایسا خطہ ہے جس کی سرحدیں پاکستان اور چین دونوں سے ملتی ہیں۔انہوں نے کہا ’’ یقینی طور پر، ملک دشمن عناصر موجود ہیں اور ہم لداخ میں تشدد کے متحمل نہیں ہو سکتے جیسا کہ 24 ستمبر کو ہوا تھا۔ ہماری ترجیح ملک کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ لداخ کے لوگ امن پسند اور قوم پرست ہیں۔ ‘‘ تشدد کی عدالتی جانچ کے بڑھتے ہوئے مطالبے پر گپتا نے کہا کہ مجسٹریل جانچ کا حکم پہلے ہی دے دیا گیا ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا ’’ اگر بروقت کارروائی نہ ہوتی تو وہ (ہجوم) سب کچھ جلا چکے ہوتے۔ ہمیں چار افراد کے نقصان پر بہت دکھ ہے جو ہمارے اپنے بچوں کی طرح تھے۔ میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں‘‘ ۔انہوں نے کہا ’’ ہلاک ہونے والوں میں ایک سابق فوجی بھی شامل ہے، جو ایک ریٹائرڈ فوجی کا بیٹا تھا اور جس کے بچے آرمی اسکول میں پڑھ رہے ہیں۔ یہ افسوسناک واقعات ہیں، آیا وہ (تشدد میں) ملوث تھے یا نہیں، یہ ایک ثانوی سوال ہے لیکن ہجوم نے ایسی صورت حال پیدا کی جہاں جوابی کارروائی ضروری ہو گئی ۔ ‘‘ایل جی نے لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس سے مرکز کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بات چیت سے راستے کھلتے ہیں۔ سب کچھ حل ہو جائے گا اگر ہم مل بیٹھیں گے۔