بارہمولہ// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی او رالیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں روہامہ۔لدورہ سڑک منصوبے کی مجوزہ الائنمنٹ سے متاثر ہونے والے 26 کنبوں کے رہائشی اور تجارتی ڈھانچوں سے متعلق معاوضہ کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنربارہمولہ، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر بارہمولہ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، متعلقہ تحصیل داروں، متعلقہ ایگزیکٹیو اِنجینئر اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیرموصوف نے متاثرہ ڈھانچوں کی موجودہ صورتحال اورجانچ کے عمل میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے معاوضہ کے عمل کو منصفانہ، شفاف اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ موقعہ پر جا کر معائینہ کریں اور تمام متاثرہ ڈھانچوں کی مالیت کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کریں۔اُنہوں نے ریونیو حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ ہر متاثرہ جائیداد کی اَراضی کی حیثیت کی تصدیق کی جائے تاکہ تمام مستحق کنبوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق مناسب و موزوں معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔جاوید ڈار نے متاثرہ کنبوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ایسے طریقے سے عملائے جائیں کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام ضروری کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ معاوضہ کے معاملات بلاوجہ تاخیر کے بغیر نمٹائے جا سکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے وزیر موصوف کو یقین دِلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ مطلوبہ تخمینے اور قانونی و اِنتظامی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہرحقیقی اور جائز معاملے کو مکمل اِنصاف کے ساتھ نمٹایا جائے گا اور تمام مستحق متاثرین کو نافذ العمل ضوابط کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی متاثرہ کنبے کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔










