سری نگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سری نگر میں متعدد عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے محکموں سے متعلق ان کے مسائل اور مطالبات سنے۔مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والے وفود نے وزیر موصوف کو فور ی توجہ طلب مختلف عوامی مسائل سے آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے کئی ترقیاتی مطالبات بھی پیش کئے اور معاملات کے حل کے لئے بروقت مداخلت کی درخواست کی۔وزیرموصوف نے تمام وفود اور افراد کے مسائل بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ہر مسئلے کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور اسے شفاف اور وقت کے تعین کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی اور ترقیاتی فوائد کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے اَپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ملاقات کے دوران موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں جلد از جلد نمٹایا جائے۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فیلڈ سطح کے عملے کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھا جائے تاکہ عوامی شکایات کو مؤثر طریقے سے اور بلا تاخیر حل کیا جا سکے۔وزیر جاوید رانا نے مزید کہا کہ ذِمہ دار حکمرانی کے لئے عوام کے ساتھ باقاعدہ بات چیت بہت ضروری ہے اور حکومت کو مقامی مسائل کی نشاندہی کرنے، ترقیاتی ترجیحات کا جائزہ لینے اور نچلی سطح پر مؤثر حل فراہم کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی رسائی اور بروقت شکایات کا اَزالہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل رہے گا۔










