پٹیشن کمیٹی نے غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے معاملات کا جائزہ لیا

پٹیشن کمیٹی نے غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے معاملات کا جائزہ لیا

سری نگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پٹیشنز کمیٹی جس کی صدارت پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی،نے آج جموں و کشمیر میں ضروری غذائی اشیائے میں ملاوٹ سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کی گئی کارروائی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمیٹی نے پوروارہ، چاڈورہ میں ایک لمبردار کی تقرری اور توثیق سے متعلق ایک درخواست پر بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں اراکین اسمبلی میر محمد فیاض، جاوید ریاض (بیدار) اور ڈاکٹر سجاد شفیع کے علاوہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹری منوج کمار پنڈت، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈِی اے) خالد جہانگیر، جوائنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی (جموں و کشمیر) سنجیو کمار، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر راجیش کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروںسری نگر، بڈگام اور بارہمولہ سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔دورانِ میٹنگ ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کے اَفسران نے محکمہ کے کام کاج، متعلقہ قوانین اور ضوابط کے تحت اس کے اختیارات، یونین ٹیریٹری میں چلائی جانے والی اِنسپکشن مہم، نفاذی اقدامات، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی اور ملاوٹ شدہ غذائی اشیأ اور غیر معیاری اَدویات کی فروخت روکنے کے لئے عائد کی گئی سزاؤں کے بارے میں تفصیلی جا نکاری پیش کی۔ کمیٹی کے چیئرمین نے غذائی ملاوٹ جیسے سنگین مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لوگوںمیں غذائی تحفظ، معیار اور صارفین کے حقوق سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے اِنفارمیشن ، ایجوکیشن اور کمیونی کیشن( آئی اِی سی ) کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔چیئرمین نے کہا کہ ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کا براہِ راست تعلق انسانی جانوں کے تحفظ اور عوامی صحت سے ہے، اس لئے ضروری غذائی اشیأ میں ملاوٹ کے مکمل خاتمے کے لئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے اور عوام کے تحفظ کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اُنہوں نے محکمہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ بغیر مستند طبی نسخے کے اَدویات کی فروخت پر کڑی نظر رکھی جائے اور غیر مجاز فروخت کی روکتھام کے لئے نگرانی اور نفاذ کے طریقۂ کار کو مضبوط کیا جائے۔کمیٹی نے پوروارہ (چاڈورہ) میں لمبردار کی تقرری اور توثیق سے متعلق درخواست پر غور کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تقرری کا عمل ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے اور اس کی تعمیل سے متعلق رپورٹ لازماً کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے۔