لیفٹیننٹ گورنر کی ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کو متاثرہ کنبوں کی فوری اِمداد کی ہدایت
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ٹھاٹھری ضلع ڈوڈہ میں بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال سے بات کی اور انہیں متاثرہ کنبوں کو فوری راحت اور اِمداد کو یقینی بنانے اور بحالی کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا،’’میں نے ٹھاٹھری علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے بات کی۔ اگرچہ متعدد مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔میں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ کنبوں کو فوری اِمداد اور راحت فراہم کریں جبکہ قومی شاہراہ این ایچ۔244 کی بحالی اور ملبہ ہٹانے سمیت تمام بحالی کے کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔‘‘










