قبائلی طلاب کو ’’ ٹیکنالوجی این ابلڈ ایجوکیشن سکیم ‘‘ کے تحت 1000 ایجوکیشنل ٹیب فراہم کئے جائیں گے
سری نگر// جموں وکشمیر کے قبائلی اَمور محکمہ نے پہلی مرتبہ جموںوکشمیر کے ہوسٹلوں کے لئے متعدد اِصلاحات کی منظوری دی ہے جس کا مقصد قبائلی طلباء کو جدید ترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ، نتائج پر مبنی معیاری تعلیم اورہنرمندی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔اِن اہم اصلاحات کو سیکرٹری قبائلی اَمور محکمہ ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری کی سربراہی میں جموںوکشمیر یوٹی سطح کمیٹی میٹنگ میں منظور کیا گیا۔کمیٹی نے قبائلی طلباء کو اِس طرح کی جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے موجودہ تعلیمی سال سے شروع کئے جانے والے متعدد اِقدامات اور سکیموں کو بھی منظوری دی۔محکمہ نے طلباء کو سال بھر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش سے مطلع کیا ہے کہ ہوسٹل 10 ماہ کے بجائے سال بھر فعال رہیں گے ۔کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیاکہ تعطیلات کے دوران طلباء کی ہنرمندی کے لئے خصوصی کورسز چلائے جائیں گے جن میں قبائلی طلباء بھی شامل ہیں جو رضاکارانہ طورپر ایسے کورسز میں داخلہ لے رہے ہیں۔کمیٹی نے یومیہ خوراک کی شرح میں 75فیصد اِضافے کی منظوری بھی دی جسے فوری طور پر ہر طالب علم کے لئے 100روپے یومیہ سے بڑھا کر 175 روپے تک کیا گیا ہے ۔ کمیٹی نے بجٹ کے نظر ثانی شدہ تخمینوں میں 300روپے فی طالب علم یومیہ تک بڑھانے کی بھی سفارش کی ہے۔مزید برآں ،کمیٹی نے ایک اور اہم فیصلے میں ہوسٹل کے طلباء کے لئے ’’ ٹیکنالوجی این ابلڈ ایجوکیشن سکیم ‘‘ کی منظوری دی جس کے تحت گیارہویں ، بارہویں اور پی جی کورسز میں داخلہ لینے والے طلبا ء کو پہلے سے لوڈ شدہ مطالعاتی مواد سے ٹیپ پی سی فراہم کئے جائیں گے جن میں کتابیں ، اینیمیشنز ، مائینڈ میپ ، وسائل کا مواد اور حوالہ جات شامل ہیں ۔کورس کی تکمیل پر ہوسٹل سے فارغ ہونے کے بعد بھی طلباء کو ٹیب رکھنے کی اِجازت ہوگی ۔ مطلع شدہ کلاسوں میں پڑھنے والے زائد اَز 1000 طلباء کو یہ ٹیبز 31؍ جولائی 2022ء سے قبل فراہم کئے جائیں گے ۔ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ ( ٹی آر آئی ) کو ٹیبز کے لئے کورس اور مواد کے ڈیزائن اور طلباء کو فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کمیٹی نے ہوسٹلوں میں ٹیوشن سسٹم کو بھی فروغ دیا ہے اور ٹیوٹروں کے لئے اعزازیہ میں اِضافہ کر کے اسے 1000روپے ، 1,200روپے اور 1,500 روپے کی موجودہ شرحوں سے بڑھا کا چھٹی سے آٹھویں ، نویں سے دسویں اور گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے ٹیوٹروں کے لئے بالترتیب 3,000روپے ، 4,500 روپے اور 6,000روپے ماہانہ بڑھا یا ہے جو کہ تین سے چار گنا اِضافہ ہے۔دریں اثنا ء ، کمیٹی نے 25نئے ہوسٹلوں کی تجویز کا بھی جائز ہ لیا جنہیں رواں مالی برس کے لے 100 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کیا جارہا ہے خستہ حال ہوسٹلوں کی تکمیل کا کام جاری ہے۔










