ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ٹائون ہال میں میگا جاب میلہ کا اِفتتاح کیا

نوجوانوں کو ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بننے کی تاکید

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے آج کپواڑہ ضلع کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے آپ کو ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کپواڑہ میں رجسٹر کریں اور مختلف خود روزگار سکیموں کے فوائد حاصل کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بے روزگار کے مسئلے سے نمٹنے کے ئے خود روزگار واحد ذریعہ ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر آج ایک ضلعی سطح کے میگا جاب میلہ سے خطاب کرر ہے تھے جس کا اِنعقادڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر( ڈی اِی سی سی ) نے ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ کے اشتراک سے ٹائون ہال کپواڑہ میں کیا ہے۔ جاب میلہ میں نوڈل آفیسر ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر( ڈی اِی سی سی ) نظام الدین وانی ، ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر محمد یوسف میر ، ینگ پروفیشنلوں ، ایمپلائرز ( کمپنیوں کے نمائندے) ،یوتھ کلب اور تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع کپواڑہ کے نوجوانوں میں اِتنی قابلیت ہے کہ وہ نوکری کے متلاشیوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بن سکتے ہیں۔اُنہوں نے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانون سے کہا کہ وہ مقابلہ جاتی اِمتحانات میں حصہ لینے کے لئے ثابت قدمی کے ساتھ محنت کریںلیکن سرکاری ملازمت کے حصول کے لئے اِنتظارنہ کریں بلکہ مضبوط عزم کے ساتھ خود روزگار کے لئے جائیں اور دوسروں کے لئے مشعل راہ بنیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اَپنے ساتھ دویا اس سے کم تعلیم یافتہ اَفراد لے کر عزت کے ساتھ اَپنی روٹی روز ی کما سکتا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے 3نوجوانوں بشارت بشیرایم بی اے ، صنم ثناء پی جی ، بی ایڈ او رایم اشفاق میر بی اے سے اِستفساری گفتگو کی اور اِنفرادی طور پر ان کی رہنمائی کی جو اَپنے منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے اِس طرح کے میگا جاب میلہ کے اِنعقاد پر منتظمین کی سراہنا کی اور خواہش ظاہر کی کہ اس طرح کے روزگار میلے بڑے پیمانے پر منعقد کئے جائیں ۔اُنہوں نے ضلع کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ان میلوں میں شرکت کریں تاکہ نئی اور اِختراعی سکیموں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کی جاسکیں۔ اُنہوں نےکہا کہ 85سکیموں / ٹریڈزکی پہلے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے جن کا اِنتخاب بے روزگار نوجوان کرسکتے ہیں۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پی ایم اِی جی پی کے تحت روزگار پیدا کرنے کی مختلف سکیموں کے تحت زائد اَز 8,000نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت اور ضلعی اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کہا کہ اِس جاب میلے میں 100 جاب فراہم کی جارہی ہے کیوں کہ تقریباً ایک درجن کمپنیاں اُمید واروں کے اِنٹرویو لینے کے لئے یہاں موجود ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ ابتدائی مہینوں میں متعدد آجروں نے اُمید واروں کے اِنٹرویو کرنے کے لئے ضلع کا دورہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ کی جانب سے نوجوانوں کو ہنر کی تربیت دینے کے لئے ٹھوس کوششیں جاری ہیں تاکہ وہ پرائیویٹ سیکٹر میں مناسب روزگار حاصل کرسکیں۔اِس موقعہ پر نوڈل آفیسر ڈی اِی سی سی او ردیگر ماہرین نے اَپنے اَپنے خیالات کا اِظہا رکیا اور روزگار پیدا کرنے والی مختلف سکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔