کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے آج سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپوارہ میں خون کے عطیہ کیمپ کا اِفتتاح کیا جس کا اِنعقاد جموںوکشمیر یتیم فائونڈیشن یونٹ کپواڑہ نے محکمہ صحت کے اشتراک سے کیا تھا۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خو د ایک پنٹ خون کا عطیہ دیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے متعلقہ اَفسران سے ہسپتال میں قائم بلڈ بینک کے کام کاج کے بارے میں رائے لی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی گئی کہ بلڈ بینک میں 500پِنٹس کی گنجائش ہے اور تقریباً 200 پِنٹس دستیاب ہیں ۔اُنہیں مزید بتایا گیا کہ بلڈ کیمپ میں زائد اَز 50 عطیہ دہندگان نے اَپنا خون عطیہ کرنے کے لئے رجسٹریشن کی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک سماجی خدمت ہے اور عوام بالخصوص نوجوانوں کو خون کے عطیات کے لئے آگے آنا چاہیے جس سے قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملتی ہے ۔ اُنہوں نے خون کا عطیہ دینے والے رضاکاروں کو سراہا اور شراکت داروں کو خون کے عطیہ کیمپ کو بہتر مقصد کے لئے منعقد کرنے پر مبارک باد دی۔اِس موقعہ پر میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ایس ڈی ایچ کپواڑہ عبدالغنی ڈار ، ڈی آئی او کپوارہ محمد یوسف میر ، تحصیل دار کپواڑہ صاحبزادہ نیاز احمد کے علاوہ ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکس رَضاکار بھی موجود تھے۔










