ضلع ترقیاتی کمشنر نے بڈگام میں ایک ماہ تک چلنے والی قومی روڈ سیفٹی بیداری مہم کے آغاز پر کار ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے ضلع میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی نیشنل روڈ سیفٹی بیداری مہم 2024 ء کے سلسلے میں آج ڈی سی آفس بڈگام سے ایک کار ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پراے ڈی سی بڈگام معراج الدین شاہ، سی پی او فیاض احمد، انسپکٹر ایم وی ڈی بڈگام اور دیگر متعلقہ افسران و ملازمین موجود تھے۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر جو ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی (ڈی آر ایس سی ) کے چیئرمین بھی ہیں، نے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے سیف ڈرائیونگ پر زور دیتے ہوئے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ تمام اَحتیاطی تدابیر خصوصاً ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ پہننے اور سڑک پر موجود دوسروں کی حفاظت کے لئے رفتار کی حد پر عمل کرنے کو یقینی بنائیں۔کار ریلی بڈگام کے مختلف بازاروں سے گزری جس میں روڈ سیفٹی سے متعلق پیغامات دِکھائے گئے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے روڈ سیفٹی ویک کی تقریبات کے دوران ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والوں کی طرف سے اُٹھائے جانے والے تمام احتیاطی تدابیر کے بارے میں بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہر برس کئی قیمتی جانیں ٹریفک حادثات کی وجہ سے ضائع ہو جاتی ہیں اور بہت سے لوگ ہمیشہ کے لئے معذور ہو جاتے ہیں۔بڈگام میں اس طرح کے حادثات کو روکنے اور کم کرنے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ بیک وقت حساس مقامات کی نقشہ سازی، بھیڑ بھاڑ والے راستوں پر اوور لوڈنگ کی روکتھام اور لوگوں کو ممکنہ اندھے موڑوں کے بارے میں مطلع کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ حادثات کو روکنے کے لئے ایسے تمام علاقوں میں فوری اَقدامات کئے جاسکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ضلع میں روڈ ایکسیڈنٹ فنڈ کے تحت مختلف متاثرہ کنبوں کی بحالی بھی کرتی ہے۔یہ ریلی نئے بس سٹینڈ بڈگام پر آسانی سے اِختتام پذیر ہوئی جہاں اِنسپکٹر ایم وی ڈی نے تقریب کے اِنعقاد میں تعاون کرنے کے لئے تمام شرکأاور محکموں کا شکریہ اَدا کیا۔