پنچایتوں کی دوسری ضمنی نظرثانی کی تیاری کا بھی جائزہ لیا گیا
بانڈی پورہ//ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج آئندہ میونسپل الیکشن۔2023ء کی تیاریوں اور پنچایت اِنتخابی فہرستوں کے دوسرے ضمیمہ کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔ڈی اِی او نے آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کے اِنعقاد کی اہمیت پر زور دیا اور ضلع کی مجموعی ترقی اور فلاح و بہبود میں مقامی گورننس کے کردار پر زور دیا۔میٹنگ میں بلدیاتی الیکشن ۔2023ء کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔اِس میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی ، پولنگ سٹیشنوں کی دستیابی اور اِنتخابی عملے کی تربیت سمیت مختلف پہلوئوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ڈی اِی او نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تمام ضروری اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ میں پنچایت اِنتخابی فہرستوں کے دوسرے ضمیمہ کی تیاری پر بھی تبادلہ ہوا۔اِس موقعہ پر متعلقین نے اَب تک ہونے والی پیش رفت اور اِنتخابی فہرستوں میں درستگی اور مکمل ہونے کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اَقدامات کا جائزہ پیش کیا۔ ڈی اِی او نے تازہ ترین آبادیاتی تبدیلیوں کی عکاسی کرنے کے لئے فہرستوں کو اَپ ڈیٹ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پرڈاکٹر اویس احمد نے عوام کو ووٹ کی اہمیت او راِنتخابی عمل سے آگاہ کرنے کے لئے ایک جامع ووٹر بیداری مہم چلانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ڈپٹی اِی او بانڈی پورہ نور الدین بٹ ، نوڈل آفیسر الیکشن مانیٹرنگ محمد اشرف حکاک ، اے سی آر ، نوڈل آفیسر فیلٹ پیپر بانڈی پورہ شبیر احمد ، نوڈل آفیسر ایس وی اِی اِی پی ، تمام بی ڈی اوز ، ایم سی کے اِی اوز کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










