بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جاری ’’ سوچھتا ہی سیوا‘‘ اور ’’ میری مٹی ، میرا دیش‘‘ مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ میٹنگ کا اِنعقاد کیا۔میٹنگ میں ضلع بھر میں صفائی مہم، ویسٹ مینجمنٹ اقدامات اور صفائی ستھرائی سے متعلق بیداری پروگراموں کا جائزہ لیتے ہوئے’’سوچھتا ہی سیوا‘‘مہم میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں یہ بتایا گیا کہ ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کا مقصد تمام شہریوں کے لئے ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول پیدا کرنا ہے اور اَب تک اس میں مقامی کمیونٹیوں کی جانب سے بھرپور شرکت اور جوش و خروش دیکھا گیا ہے۔اِس موقعہ پرڈاکٹر اویس احمد نے ضلع کی تمام پنچایتوں میں تمام بلاک ڈیولپمنٹ اَفسروں کے ذریعہ کی جارہی سرگرمیوں کی فہرست طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام بلاک سطح پر میگا ایونٹوںکے اِنعقاد کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے سوچھتا پکھواڑہ مہم کے فروغ کے لئے نوجوانوں، عوامی اور مذہبی شخصیات کی شمولیت پر بھی زور دیا تاکہ مہم کے مقاصد کو مؤثر طریقے سے حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے متعلقہ افراد کو مذہبی مقامات، سیاحتی مقامات بشمول گریز، حبہ خاتون چشمہ، اتھواتو، ولر وِنٹیج اور گلشن چوک بانڈی پورہ سمیت دیگر مقامات،ضلع کی تمام مسائد ، منادر اور زیارت گاہوں کے علاوہ سڑکوں کے اَطراف صفائی ستھرائی کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ صحت اِداروں کے ساتھ ساتھ نالہ مدھو متی ، آرین نالہ اور ولر کی صفائی کو بھی ترجیح دی جائے۔اِس موقعہ پرڈاکٹر اویس احمد نے مطلع کیا کہ جاری سوچھتا ہی سیوا کے ایک حصے کے طور پر ضلع بھر کی تمام پنچایتوں میں یکم اکتوبر کو ایک گھنٹہ صفائی ابھیان کا اِنعقاد کیا جائے گا۔دورانِ میٹنگ ’ میری مٹی ، میرا دیش‘ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اِس مہم کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی افسر خان ، نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن محمد اشرف حکاک، جے ڈی پلاننگ ، اے سی پی بانڈی پورہ ، بی ڈی اوز ، اِی او ایم سی بانڈی پورہ حاجن کے علاوہ دیگر متعلقین نے بھی شرکت کی۔










