ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نےاِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ بارہمولہ میں پی ایم وشوکرما ٹریننگ کے پہلے بیچ کا اِفتتاح کیا

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ مِنگاشیرپا نے آج اِنڈسٹریل ٹریننگ اَنسٹی چیوٹ (آئی ٹی آئی) بارہمولہ میں پی ایم وشوکرما سکیم کے تحت کاریگروں اور دستکاروں کے لئے تربیتی سیشن کے آغاز کا اِفتتاح کیا۔ اِس اقدام کا مقصد شرکأ کو خود روزگار اور کاروباری کامیابی کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔یہ تقریب چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ جاوید احمد، پرنسپل آئی ٹی آئی اور زیر تربیت اَفراد کی موجودگی میں منعقد ہوئی جس میں خطے میں سکل ڈیولپمنٹ اور معاشی طور پر بااِختیار بنانے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے خطاب کرتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم وشوکرما سکیم کے ذریعہ فراہم کردہ مواقع سے فائدہ اُٹھائیں تاکہ وہ اَپنی صلاحیتوں کو بہتر بناسکیں اور خود روزگار کے مواقع کے لئے اَپنی صلاحیتوں کو برائے کار لائیں۔اُنہوں نے اِقتصادی ترقی اور سماجی بااِختیاری کے مواقع کی راہ میں پی ایم وشوکرما جیسے ہنرمندی کی ترقی کے اَقدامات کی تبدیلی کی صلاحیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے مقامی کاریگروں کی ہمہ گیر ترقی اور اِقتصادی دھارے میں ان کے بامعنی اِنضمام کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔پی ایم وشوکرما سکیم ایک سینٹرل سیکٹر کی پہل ہے جس کا مقصد مختلف تجارتوں میں کاریگروں اور دستکاروں کو جامع مدد فراہم کرناہے۔اِس میں روایتی دستکاریوں کے تحفظ اور اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے مقصد سے کارپینٹری سے لے کر مٹی کے برتنوں تک 18 مختلف تجارتوں میں مصروف اَفراد کا احاطہ کیا گیا ہے۔آئی ٹی آئی بارہمولہ میں منعقدہ تربیتی سیشنوں سے شرکأ کو ان کے متعلقہ دستکاریوں کے مطابق خصوصی ہدایات دی جائیں گی جس سے وہ مارکیٹ میں اَپنی صلاحیتوںاور مسابقت کو بڑھانے کے قابل ہوں گے۔ اِس اَقدام میں مالیاتی وسائل تک رَسائی، مارکیٹ روابط اور بنیادی ڈھانچے کی مدد کے لئے اِنتظامات بھی شامل ہیں تاکہ خود روزگار کی طرف منتقلی کو آسان بنایا جاسکے۔آئی ٹی آئی بارہمولہ میں وزیر اعظم وشوکرما تربیتی اَقدام کا آغاز ضلع بارہمولہ میں ہنرمند اور خود اَنحصار اَفرادی قوت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔ کاریگروں اور دستکاروں کو کامیاب ہونے کے لئے درکار وسائل سے بااِختیار بنا کر ، اِنتظامیہ کا مقصد پورے خطے میںدیرپا ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔