سال2023-24ء کیلئے سالانہ کریڈٹ پلان کی منظوری
پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے آج سالانہ کریڈٹ پلان (2023-24ء) کو منظور کرنے کے لئے ضلعی مشاورتی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی جو نبارڈ کی طرف سے تشکیل کردہ ممکنہ لِنکڈ پلان پر مبنی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے منصوبے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہا زراعت اور اِس سے منسلک سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے کیوں کہ یہ ضلع کی ریڈھ کی ہڈی کی مانند ہے اور بہترین طریقوں کو تلاش کرنے کا مشورہ دیا جس سے اِس شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔کریڈٹ پلان (2023-2024ء) کے تحت ترجیحی شعبے کے لئے مختص رقم 3006.26کروڑ روپے گزشتہ برس کے منصوبہ (2022-2023ء) 2745.96کروڑ روپے کے مقابلے میں منظور کی گئی ۔اِس طرح تقریباً 10فیصد کا اِضافہ دیکھا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بالخصوص غریب لوگوں کے لئے سکیموں کو عملانے کا مشورہ دیا۔اُنہوں نے یکساں ترقی کو فروغ دینے کے لئے تمام کلیدی شعبوں میں متوازن قرضہ جات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور مالیاتی اِداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ عوام میں ان کی طرف معاونت والی فلاحی سکیموں کے حوالے سے بیداری پھیلائیں تاکہ لوگ اَپنی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے اِستفادہ حاصل کرسکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں خود انحصاری اور دیرپا روزگار پیدا کرنے میں زراعت اور باغبانی شعبوں کے کردار کی تعریف کی۔اُنہوں نے تعلیم ، خواتین کی ترقی اور زراعت سے منسلک شعبوں پر خصوصی توجہ دینے سے ترجیحی شعبے میں قرض دینے پر زور دیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے ہربلاک میں مالی خواندگی کیمپوں کا اِنعقاد کریں اور بینکروں اور متعلقہ اَفسروں پر زور دیا کہ وہ عوام دوست طرزِ عمل اَپنائیں اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ نچلی سطح پر اَچھے نتائج حاصل ہوں۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر پلوامہ ، چیف ایگری کلچر آفیسر ، لید ڈسٹرکٹ منیجر ، ڈی ڈی ایم نبارڈ ، چیف ہارٹی کلچر آفیسر ، کلسٹر ہیڈ جے کے بینک اور لائن ڈیپٹس کے ضلع اَفسران اور اَضلاع کے دیگر بینکوں نے شرکت کی۔










