صوبہ جموں میں 74 ویں یومِ جمہوریہ تقریبات کا انعقاد

جموں //ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں خطے میں بھی یومِ جمہوریہ کی 74 ویں تقریبات کا اہتمام بڑے جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا ۔ حب الوطنی کے جوش اور قومی جذبے کے ساتھ جموں ڈویژن میں 74 ویں یومِ جمہوریہ کا جشن منایا گیا ۔ ضلعی ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چئیر پرسنز نے پر جوش شہریوں کی موجودگی کے درمیان ضلعی سطح کی تقریبات میں قومی پرچم لہرایا ۔ اسکولی بچوں کی متاثر کُن پریڈ ، پولیس ، آرمی ، این سی سی اور دیگر بیلٹ فورس کے دستے اور طلباء اور مقامی ثقافتی گروپوں کی جانب سے شاندار ثقافتی پریذنٹیشنز نے حاضرین کو محسور کیا اور تہوار کے موڈ میں اضافہ کیا ۔ کٹھوعہ میں ۔ کٹھوعہ ضلع کے کئی مقامات پر 74 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی کے جوش و خروش ، شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی گئیں ۔ مرکزی تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں ڈی ڈی سی کے چئیر مین کرنل مہان سنگھ ( ریٹائیرڈ ) نے ترنگا لہرایااور مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ پولیس ، پی ٹی ایس سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈ ، این آر ایل ایم ، این سی سی بٹالین کے بوائیز اینڈ گرلز ونگ کے علاوہ آرمی اور سکولوں کے بینڈ دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی ۔ لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کرنل مہان سنگھ نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اس دن ہندوستان آئین کو اپنا کر ایک جمہوری جمہوریہ بنا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی تیز رفتار ترقی پذیر معیشتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ متنوع اور متحدہ ہندوستان ہمارے آئین کی حقیقی اخلاقیات اور طاقت کی نشاندہی کرتا ہے ۔ ‘‘ اس موقع پر دیگر کے علاوہ ڈی سی کٹھوعہ ، ڈی ڈی سی وائس چئیر مین ، ایس ایس پی کٹھوعہ ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، ڈی ڈی سی ممبران ، یو ایل بی ممبران ، ضلعی افسران ، سول سوسائٹی کے سرکردہ اراکین شہری اور بڑی تعداد میں لوگ اور طلباء موجود تھے ۔ راجوری میں ۔ راجوری ضلع بھر میں 74 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یہ تقریبات ضلعی ہیڈ کوارٹرز، سب ڈویژنوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور پنچائتوں میں منعقد کی گئیں ۔ مرکزی تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ پولیس لائینز گراؤنڈ راجوری میں کیا گیا جہاں مہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں جے کے اے پی ، جے کے ایگزیکٹو پولیس ، جے کے پولیس بینڈ ، سی آر پی ایف ، جے کے ایف پی ایف اور ایس پی او ، این سی سی سینئر بوائیز اینڈ گرلز ، این سی سی جے یو او بوائیز اور مختلف سکولوں کے دستے ، ای ایم آرز اور این آر ایل ایم نے بھی حصہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ ، سی آر پی ایف اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسر اور ہزاروں لوگ شاندار تقریب کا مشاہدہ کرنے کیلئے گراؤنڈ میں موجود تھے ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین نے راجوری کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔
پونچھ میں ۔اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں 74 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش ، قومی جذبے سے منایا گیا ۔ چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ تمیم اختر نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں تعلیمی اداروں ، این آر ایل ایم ، سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ، جے کے پی کیو آر ٹی کمانڈو ، این سی سی کیڈٹس ، پولیس بینڈ کے دستے شامل تھے ۔ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے اس دن کی اہمیت اور آزاد ہندوستان کے آئین کے ذریعے شہریوں کو فراہم کردہ ضمانتوں پر روشنی ڈالی ۔
ریاسی میں ۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین ریاسی صراف سنگھ ناگ نے جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم ریاسی میں قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، جے کے پی ، جے کے ہوم گارڈ ، این سی سی کیڈٹس بوائیز /گرلز پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے آزادی کے 74 سالوں میں ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کیا ۔ انہوں نے ضلع ریاسی میں ترقیاتی محاذ پر ریکارڈ کی گئی کامیابیوں کو بھی درج کیا ۔ اس موقع پر وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی سجرا قادر ، ڈی سی ریاسی ، ایس ایس پی ریاسی ، اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی ، سی پی او ، پی او آئی سی ڈیز کے علاوہ تمام ضلعی /سیکٹرل افسران اپنے عملہ کے ساتھ موجود تھے ۔
سانبہ میں ۔ سانبہ کے رائی سچیت سنگھ اسپورٹس سٹیڈیم میں 74 واں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر مین کیشو دت شرما نے ترنگا لہرایا ۔ اس موقع پر پدم شری 2023 ایوارڈ یافتہ موہن سنگھ ، ایک مشہور ڈوگری مصنف کو مبارکباد دی گئی ۔ قبل ازیں ڈی ڈی سی چئیر مین نے پریڈ کا معائینہ کیا اور ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر جی آر بھردواج کی قیادت میں مارچ پاسٹ دستوں سے سلامی لی ۔ مہمان خصوصی کے ساتھ وائس چئیر مین بلوان سنگھ ، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے ضلع افسران ، پولیس افسران ، میڈیکل افسران ، ایس ایچ جی ، مشن شکتی ، عہدیداروں ، کھلاڑیوں اور شرکاء کو ایوارڈ پیش کئے ۔
کشتواڑ میں ۔74 واں یومِ جمہوریہ 2023 ضلع کشتواڑ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلع ہیڈ کوارٹر میں مرکزی تقریب ڈی سی آفس کمپلیکس کے احاطے میں منعقد ہوئی جہاں چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل پوجا ٹھاکر نے ترنگا لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور پولیس ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈ ، جی ڈی سی کشتواڑ کی این سی سی بٹالین اور بچوں کے مارچ پاسٹ میں سلامی لی ۔ اس موقع پر وائس چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کشتواڑ صائمہ شبیر لون ، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، ایس ایس پی کشتواڑ ، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ ، نائب صدر میونسپل کونسل کشتواڑ ، چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ ، ڈی ڈی سی ممبران ، میونسپل کونسلز ، ضلع انتظامیہ کے افسران ، پولیس ، آرمی ، سی آئی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی کی چئیر پرسن نے کشتواڑ کے لوگوں کو قومی اہمیت کے اس پرمسرت دن پر مبارکباد دی اور سبھی سے خواہش کی کہ وہ آئینی اقدار اور اخلاقیات کو صحیح معنوں میں برقرار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اس دن ہندوستان ایک سیکولر ، خود مختار ، سوشلسٹ اور جمہوری جمہوریہ بن گیا ہے جو کسی بھی امتیاز کے بغیر ہندوستان کے ہر شہری کے لئے برابری ، بھائی چارے اور عالمگیر بھائی چارے کی اقدار کو قائم کرتا ہے ۔
رام بن میں ۔ چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے ترنگا لہرایا اور اس کے بعد 74 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ضلع پولیس لائینز رام بن میں قومی ترانہ بجایا گیا ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر رام بن ، صدر ایم سی رام بن ، ایس ایس پی رام بن ، ڈی ڈی سی ، کونسلرز ، اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی ، میونسپل کونسلرز ، سینئر سول ، پولیس اور فوجی افسران ، پی آر آئیز ، ممتاز شہریوں کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جے کے پی آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ ، این آر ایل ایم اور مقامی سکولوں کے طلباء سمیت 20 دستوں کا معائینہ کرنے کے بعد چئیر پرسن نے پریڈ کرنے والے دستوں سے سلامی لی ۔ اس دوران محکمہ اطلاعات کے مقامی فنکاروں اور مختلف مقامی تعلیمی اداروں کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جس نے حاضرین کے دل موہ لئے ۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے دیگر معززین کے ہمراہ شرکاء میں انعامات تقسیم کئے ۔
ڈوڈہ میں ۔ڈوڈہ کے لوگوں نے 74واں یومِ جمہوریہ 2023بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ اسپورٹس اسٹیڈیم میں منایا ۔ مہمان خصوصی چئیر مین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل دھنتر سنگھ کوتوال نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں جے کے پی ، ایف پی ایف ، این سی سی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، جے کے اے پی ، این سی سی جونئیر اور سینئر ، جی ڈی سی ڈوڈہ اور سرکاری /پرائیویٹ اسکولوں کے طلباء شامل تھے ۔ وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی سنگیتا رانی بھگت ، ڈی سی ڈوڈہ ، ایس ایس پی ڈوڈہ ، صدر ایم سی ڈوڈہ ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، ڈی ڈی سی ممبران ، سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران ، شہری اور طلباء اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین نے اپنے خطاب میں یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ، جدو جہد آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے شہریوں کے درمیان تنوع ، بھائی چارے اور برابری میں اتحاد کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے ۔
اودھمپور میں ۔ 74 واں یومِ جمہوریہ آج یہاں ضلع اودھمپور میں بڑے حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ پی جی کالج بوائیز اودھمپور کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چئیر پرسن اودھمپور لال چند مہمان خصوصی نے قومی پرچم لہرایا اور 28 دستوں کے شاندار مارچ پاسٹ سے سلامی لی ۔ اس قومی تقریب میں ضلع پولیس ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز ، این سی سی اور پولیس بینڈ کے علاوہ دیگر سول دستوں نے حصہ لیا ۔ ڈی ڈی سی کی وائس چئیر پرسن جوہی منہاس پٹھانیا ، ڈی سی اودھمپور ، ڈی آئی جی اودھمپور ریاسی رینج ، ایس ایس پی ، صدر ایم سی اودھمپور ، بی ڈی سی ، ڈی ڈی سی ، اے ڈی ڈی سی اور سول انتظامیہ ، پولیس ، آرمی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ائیر فورس کے سینئر افسران کے علاوہ کونسلرز اور ضلع کے ممتاز شہریوں نے شرکت کی ۔ اجتماع کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے کہا کہ یہ دن 26 جنوری 1950 کو نافذ ہونے والے آئین ہند کو اپنانے کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ مہمانِ خصوصی نے 74 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر اودھمپور کے لوگوں کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان لاتعداد آزادی پسندوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادر وطن کے وقار اور آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ اطلاعات کے فنکاروں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کی جس سے حاضرین محظوظ ہوئے ۔ ڈی سی نے یومِ جمہوریہ کے مبارک موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ۔