ایک دن بعدنعش آبشار سے برآمد،نعش کاپوسٹ مارٹم،کیس درج ،تحقیقات شروع:پولیس
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے نمبلن ناروا علاقے میں ایک20 سالہ نوجوان نہانے کے دوران آبشار میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق20 سالہ سہیل احمد بٹ ولد عبدالمجید بٹ ساکنہ بدمولہ شیری بارہمولہ سوموار کی شام سے لاپتہ تھا۔جس کے بعد اہل خانہ کو پتہ چلا کہ وہ نمبلن علاقے میں بٹییں سر کے آبشار میں نہانے گیا تھا۔جس کے فوری بعد اہل خانہ ،اس کے رشتہ دار اور پولیس جائے واردات پر پہنچ اور مذکورہ لڑکے کی تلاش شروع کردی۔اگر چہ انہوں نے اسے پوری رات تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم منگل کی صبح تک کوئی سرغ نہیں مل سکا۔جس کے بعد ایس ڈی آر ایف ٹیم بھی علاقے میں پہنچی اور فوری طور پر لڑکے کی بازیابی کی تلاش شروع کر کے پیرکی شام سے لاپتہ 20 سالہ نوجوان کی لاش کو آبشار سے برآمد کیا۔ ذرائع کے مطابق شیری پولیس نے نوجوان کی لاش کو ضرور لوازمات کیلئے اپنی تحویل میں لیا۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس نے نوجوان کی نعش کاپوسٹ مارٹم کرایاتاکہ موت کی اصل وجوہات کاپتہ لگایاجاسکے۔اس دوران 20 سالہ نوجوان کی آبشار میں ڈوب کرموت واقعہ ہونے کی خبر پھیلنے سے علاقے بدمولہ سمیت پورے ناروائوعلاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔پولیس نے کہاکہ ابتدائی شواہد سے لگتاہے کہ نوجوان کی موت آبشار میں ڈوبنے سے ہوئی ہو کیونکہ اس کے کپڑے جائے وقوع کے قریب سے ملے تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔










