سری نگر//موسم نے جون میں جنون کامظاہرہ کرتے ہوئے اہلیان ِوادی کوبرسوں بعدگرمامیں سرما کااحساس کرادیا۔گلمرگ اورپہلگام سمیت کئی بالائی علاقوںمیں دوران شب تازہ برف باری ہونے سے آواجاہی میں خلل پیداہونے کیساتھ ہی درجہ حرارت میں بھاری گرائوٹ ریکارڈکی گئی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق منگل اوربدھ کی درمیانی رات پورے کشمیر نیزخطہ پیرپنچال،وادی چناب اورصوبہ جموں کے دوسرے علاقوںمیں موسلا دار بارشوںکاسلسلہ جاری رہنے کے بعدوادی کے نصف درجن سے زیادہ بالائی علاقوںمیں رات کے دوران تازہ ہلکی برف باری ہوئی ۔سطح سمندر سے ہزاروں فٹ بلندی پرواقع مرناتھ گھپا کی جانب جانے والے دونوں پہاڑی راستوں پر دوران شب کئی کئی انچ برف باری ہونے کی اطلاع ہے ۔محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایاکہ بال تل اورپنجترنی سمیت کئی بالائی علاقوںمیں برف کی تہہ بچھ گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ سیاحی مقام پہلگام کے نزدیکی پہاڑ وں پر برف باری ہونے کے ساتھ ساتھ مشہور زمانہ سیاحتی وصحت افزاء مقام گلمرگ کے نواحی پہاڑی علاقہ افروٹ میں بھی برف کی تہہ بچھ گئی ہے جبکہ ضلع کپوارہ میں ورنولولاب اوروادی بنگس میں بھی دوران شب تازہ ہلکی برف باری ہوئی ۔اسکے علاوہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سرحدی علاقہ گریز کے علاوہ مغل روڑ پرواقع پیرکی گلی کے مقام پر بھی برف باری ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ میدانی علاقوںمیں مسلسل موسلادار بارشیں اوربالائی علاقوںمیں تازہ ہلکی برف باری ہونے سے کشمیر وادی میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقعہ ہوئی ہے ۔










