سیکرٹری کان کنی نے ضلع کشتواڑ میں کان کنی شعبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا

کشتواڑ//سیکرٹری کان کنی ڈاکٹررشمی سنگھ نے آج ضلع میں کان کنی کے شعبے کی ترقی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی ۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو ، ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ او پی بھگت ، اے ایس پی کشتواڑ راجندر سنگھ، جوائنٹ ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ ڈیپارٹمنٹ ایچ ایل لنگیہ ، اے سی آر کشتواڑ ،ڈی ایم او کشتواڑ ،ایم اِی سی ایل نمائندوں کے علاوہ ایگزیکٹیو اِنجینئر جل شکتی بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایم اِی سی ایل پنکج پانڈے ، منیجر جیالوجی سروپ دھرا ، ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائننگ ڈیپارٹمنٹ کشمیر نثار احمد نے بھی بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ڈاکٹر رشمی سنگھ نے پانچ مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط سیفائر مائن پڈر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر رشمی نے نقشہ سازی اور سروے کے کاموں میں تکنیکی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جواہرات سے مالا مال خطے کے باقی علاقوں کی مؤثر نقشہ سازی اور سروے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹنگ میں ایم ای سی ایل کے نمائندوں نے بتایا کہ جیولوجیکل سروے کا 80 فیصد کام مکمل کیاگیا ہے۔سیکرٹری نے محکمہ کے دیگر امور پر غور کرتے ہوئے قانون عملانے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ معدنیات کی غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن پر نظر رکھیں اور ای چالان کے بغیر معدنیات کی ٹرانسپورٹیشن کو چیک کریں۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ دیونش یادو نے مائنر منرل بلاک میں کان کنی کی سرگرمیاں فوری طور پر شروع کرنے کی درخواست کی جس کی حال ہی میں مارچ 2023ء میں ای۔ نیلامی ہوئی تھی۔اِس سے قبل سیکرٹری نے ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ، ڈی ایم او کشتواڑ، پکل ڈل اور سی وی پی پی ایل حکام کے ساتھ پکل ڈل ڈیم ایچ ای پی کی مجوزہ کان کی جگہ کا دورہ کیا اور سی وی پی پی ایل حکام کو معدنیات کی رعایت دینے کے متعلقہ قواعد کے تحت ممکنہ طریقوں کے بارے میں دریافت کیا۔