سرینگر//وادی کشمیر کے سب سے بڑے ہسپتالوں میں سے ایک ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ہیلتھ کیئر کی سہولیت کا جائزہ لینے کیلئے سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے آج اچانک دورہ کیا ۔ ڈاکٹر عابد رشید کے ساتھ پرنسپل /ڈین ، گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر مسعود تنویر ، ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹڈ ہسپتال سرینگر محمد اشرف حقاک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر ڈاکٹر مظفر زرگر ، سی ایم او /آر ایم او اور متعلقہ فیکلٹی نے کیزولٹی بلاک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی معائینہ کیا ۔ مریضوں کی دیکھ بھال اور مریضوں کی آمد ، انتظام ، حفاظتی انتظامات اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر عابد رشید نے چوبیس گھنٹے لیب ٹیسٹ اور تشخیصی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے وارڈوں میں اور ارد گرد صفائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے بائیو کیمسٹری لیب ، سرجیکل کیزولٹی ، میڈیکل اور ایمر جنسی وارڈز ، نیورو سرجری وارڈز اور آپریشن تھیٹرز کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوںنے مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں ان سے فیڈ بیک لیا ۔ سیکرٹری موصوف نے ریڈیولاجی ڈیپارٹمنٹ جی ایم سی سرینگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ فیکلٹی سے بات چیت کی ۔ سیکرٹری موصوف کو محکمہ کے کام کاج کے بارے میں بریفننگ دی گئی اور بتایا گیا کہ محکمہ میں سی ٹی سکین ، یو ایس جی ، ایکسرے وغیرہ کئے جا رہے ہیں اور ایک دن میں اوسطاً 700 ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں ۔ بعد ازاں سیکرٹری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران اور دیگر افسران کے ساتھ ایک وسیع میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں پرنسپل /ڈین ، ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹڈ ہسپتال سرینگر اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام ، ماہرین تعلیم ، انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کیلئے سہولیات اور حکومت کے کام کاج کو بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عابد رشید نے ہیلتھ کئیر سسٹم کو مزید موثر اور مریض دوست بنانے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کالج کو بہترین کالجوں میں سے ایک بنانے کیلئے متعلقہ اداروں سے اضافی کوششوں پر زور دیا ۔ اپنے دورے کے دوران سیکرٹری موصوف نے کالج کیمپس میں واقع گرلز ہوسٹل کا بھی معائینہ کیا اور وہاں یو جی اور پی جی طلباء کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری لی ۔ ڈاکٹر عابد نے انتظامیہ کو میڈیکل کالج میں یو جی اور پی جی کے طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔










