بارہمولہ// کمشنر سیکرٹری سائنس وٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ سوربھ بھگت اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ مِنگا شیر پا نے مشترکہ طور پر ڈاک بنگلو بارہمولہ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔ اِس تقریب نے عوامی نمائندوں، مختلف وفود، متعلقہ شراکت داروں اور لوگوں کو اَپنے مسائل اور مطالبات کا اِظہار کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔اِستفساری سیشن کے دوران سڑکوں کی میکڈیمائزیشن ، مزبُگ پل کی تکمیل، ندی کے کناروں کی خوبصورتی، باغِ اسلام بارہمولہ میں این ٹی پی ایچ سی کی اَپ گریڈیشن اور ضلع کے دُور دراز علاقوں میں مختلف سکولوں میں سولر پینلوں کی تنصیب سے متعلق امور نمایاں طور پر اُٹھائے گئے۔کمشنر سیکرٹری سوربھ بھگت نے عوام کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’ عوامی دربار کمیونٹی کی ضروریات کو سمجھنے کے لئے ہمارے لئے ایک براہِ راست چینل کے طورپر کام کرتا ہے ۔ ہم ضلع میں بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بڑھانے کے لئے باہمی تعاون سے کام کرنے کے لئے وقف ہیں۔‘‘ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ مِنگاشیرپا نے اس طرح کے فورموںکی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’آپ کے تحفظات ہماری ترجیحات ہیں۔ عوامی دربار کے دوران کھلے عام مکالمے ایکشن پلان بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو حقیقی معنوں میں لوگوں کی ضروریات اور اُمنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہاکہ افسران نے اُٹھائے گئے ہر مسئلے کا نوٹس لیا اور عوام کو ان کے حل کے لئے ایک منظم نقطہ نظر کی یقین دہانی کی ۔ اُنہوں نے ترقیاتی عمل میں کمیونٹی کی شراکت کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور ضلع کی بہتری کے لئے مسلسل تعاون پر زور دیا۔عوامی دربار کمشنر سیکرٹری اورضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل پر نظررکھنے اور ٹھوس حل تلاش کرنے کے عزم کے ساتھ اِختتام پذیر ہوا جو کمیونٹی کی مجموعی ترقی اور بہبود میں معاون ثابت ہوں۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ظہور احمد رینہ، چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ جاوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پیرزادہ ممتاز احمد، چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ بلبیر سنگھ رینہ اور دیگر ضلعی اَفسران کے علاوہ عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔










