سعودی عرب سےسرینگر145حجاج کرام حج کی ادائیگی کے لوٹے

سری نگر//جموں و کشمیر کے 145حجاج کرام کی پہلی پرواز ہفتہ کی صبح سعودی عرب سے سرینگر پہنچی۔سری نگر نر بین الااقوامی ہوائی اڈے پرلوگوںنے حجاج کااستقبال پُرتپاک اندازمیں اورکشمیری روایت کے مطابق نعتیہ کلام پڑھ کرکیا۔اس موقعہ پر ایک کشمیری نے’ ازبند ‘جلاکر حجاج کاخیرمقدم کیااورساتھ ساتھ وہ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں ایک مشہور کشمیری نعتیہ کلام ’ ’جان وندیوپان بہ وندیو ،زوتہ جان وندیو پیر لوتیہ لو،، چھیہ سوالے نبی ﷺ ،تتیِ موکلائزم،،یتیہ آسی عالم گیر لوتیہ لو‘‘کاوردکرتے رہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے 145حجاج کرام کی پہلی پرواز ہفتے کی صبح7بجکر50منٹ پر سری نگر کے بین الااقوامی ہوائی اڈے پر اُتری، جہاں ان کا استقبال ڈویڑنل کمشنر کشمیر، پی کے پول، ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج سوجیت کمار، ڈپٹی کمشنر بڈگام اور ایگزیکٹیو آفیسر جموں و کشمیر حج کمیٹی عبدالسلام میر نے کیا۔حج کمیٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر آسان امیگریشن کلیئرنس کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس سال کم از کم 80ہزار ہندوستانی عازمین حج جن میں جموں و کشمیر 7000عازمین بھی شامل تھے،حج بیت اللہ کاشرف حاصل کیا۔سیول وپولیس انتظامیہ کے سینئرحکام بشمول حج کمیٹی کے اعلیٰ ذمہ داروں کی جانب سے حجاج کے پہلے قافلے کاواپسی پراستقبال کرنے کے دوران ہوائی اڈے پراُسوقت رُوح پرورمناظر دیکھے گئے ،جب یہاں کچھ لوگ ممکنہ طورپر اپنے رشتہ دارحجاج کرام کے استقبال کیلئے منفرد یاکشمیری روایت کے مطابق تیارموجودتھے ۔ایک شخص نے ازبند جلارکھی تھی اوروہ حجاج کاوالہانہ اندازمیں استقبال کررہاتھا۔اس کے ساتھ یہاں موجود دوسرے لوگ بھی حجاج کرام کااستقبال کرتے وقت کافی خوش اورپُرجوش نظرآرہے تھے ۔انہوںنے حجاج کااستقبال کرتے ہوئے مشہور کشمیری نعتیہ کلام کاکچھ اس اندازمیں ورد کیاکہ حجاج کیساتھ ساتھ یہاں موجود کئی لوگوںنے آنکھیں نم ہوگئیں ۔ادھر معلوم ہواکہ شکایات کا ازالہ کرنے اور جموں و کشمیر کے عازمین سے رائے حاصل کرنے کیلئے، چیئرمین حج کارپوریشن آف انڈیا اے پی عبدل کٹے اور رکن حج کارپوریشن آف انڈیا انجینئر اعجاز حسین4 جولائی سے سعودی عرب میں قیام پذیر ہیں۔ جموں و کشمیر سے عازمین حج کی آخری پرواز2 اگست کو پہنچے گی۔