جموں//ملک کے دیگر حصوں کی طرح کشمیرخطے میں بھی یوم جمہوریہ کی74ویں تقریبات کا اہتمام بڑے جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔اننت ناگ۔اننت ناگ میں یوم جمہوریہ جی ڈی سی کھنہ بل (بوائز) میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل اننت ناگ محمد یوسف گورسی نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پرسلامی لی۔مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے اینڈ کے پولیس، آئی آر پی، این سی سی کے دستوں نے حصہ لیا۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اُن قائدین، مجاہدین آزادی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔اُنہوں نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اعلیٰ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔محمد یوسف گورسی نے مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت ضلع کی طرف سے کی گئی حصولیابیوں پر پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم، ہیلتھ کیئر ، پسماندگی، بیک ٹو وِلیج ، ضلع کیپیکس، زراعت اور اس سے منسلک شعبے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا، منریگا، جے جے ایم، آنگن واڑی مراکز اور سکولوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی، دیہی ترقی، میکڈیمائزیشن اور سڑک رابطہ، سماجی بہبود، نشا مکت بھارت، صنعتیں، خود روزگار اور دیرپااثاثوں کی تخلیق شامل ہے۔اِس موقعہ پر ضلع کے طلباء اور فنکاروں کی جانب سے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔تقریب کا اختتام مارچ پاسٹ اور ثقافتی مشقوں میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ مثالی عوامی خدمات پر مختلف محکموں کے ملازمین کو بھی مبارکباد دی گئی۔تقریبات میں ڈی ڈی سی، ڈی آئی جی ایس کے آر، پی ڈی ایس جے، ایس ایس پی، ڈی ڈی سی ممبران، اے ڈی ڈی سی،چیئر پرسن بی ڈی سی ، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی فورسز کے افسران، اے ڈی سی، سی ای او، اے سی پی، اے سی آر، سی ایم او اور دیگر افسران کے علاوہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔ جی ڈی سی میں مرکزی تقریبات سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم نے ڈی سی آفس کمپلیکس اننت ناگ میں قومی پرچم لہرایا۔ڈسٹرکٹ کورٹ ،سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر، تحصیل ہیڈ کوارٹر، کمیونٹی ڈیولپمنٹ بلاکوں اور دیگر مختلف عوامی دفاترمیں بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی گئیں جس کی صدارت پرنسپل سیشن جج اننت ناگ نے کی۔
بارہمولہ۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں منعقدہ 74ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقعہ پرچیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ نے ترنگا لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلباء نے پیش کیا۔چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل نے کہا کہ بارہمولہ ضلع نے تمام محاذوں پر جامع ترقی کا مظاہرہ کیا ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ تمام شراکت داروں کو اَپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع کی ترقی میں شامل کیا جائے۔تقریب میں ڈی آئی جی شمالی کشمیر وویک گپتا، ضلع ترقیاتی کمشنر کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سید سحرش اصغر، ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک ناگپورے، ایم سی بی کے صدر توصیف رینہ، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسن، عدالتی انتظامیہ کے افسران، فوج اور پولیس کے افسران، ضلعی اور سیکٹورل کے افسران، مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور طلباء نے بھی اپنی پرجوش شرکت کا مظاہرہ کیا۔چیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل نے ہندوستان کی تاریخ میں یوم جمہوریہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج عظیم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کر رہی ہے جن کی وجہ سے ہم آزاد ماحول میں رہ رہے ہیں۔اُنہوں نے ضلع کی طرف سے حاصل کی گئی حصولیابیوں کا جائزہ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع نے مختلف ترجیحی شعبوں بشمول تعلیم، ہیلتھ، زراعت اور اس سے منسلک شعبے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، منریگا، جے جے ایم، میکڈیمائزیشن او رسڑک رابطہ ، سماجی بہبود ، نشامکت بھارت اور خود روزگار، دیہی ترقی علاقوں میں تمام شعبوں میں نمایاں کامیابیاں دکھائی ہیں۔اُنہوں نے اسپریشنل ضلعی پروگرام کے مختلف اِشاریوںکے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضلع نے ایک بار پھر ملک کے 115 اسپریشنل اضلاع میں زراعت اور آبی وسائل کے شعبے میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے ایک سنگ میل حاصل کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسپریشنل ڈسٹرکٹ میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔تقریب کے دوران مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جن میں خطے کے ثقافتی تنوع اور ورثے کی عکاسی کی گئی۔تقریب کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔دریں اثنا، اِسی طرح کی تقریبات سب ڈویژن اور تحصیل سطح پر بھی منعقد کی گئیں جہاں متعلقہ حکام نے ترنگا لہرایا۔
کولگام :74 ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں ایک عظیم الشان تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جہاں چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل محمد افضل پرے نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے پی خواتین پولیس گروپ ،ہوم گارڈ، تازہ بھرتی ہونے والے ، این سی سی کیڈٹس طلبا ء کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی ساحل سرنگل، صدر میونسپل کونسل ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ممبران ، ایم سی کونسلروں کے علاوہ سول ، پولیس ، اِنتظامیہ کے اَفسران اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کے قعہ پر عوام کو مبارک باد پی شکی اور اِس دِن کی اہمیت او رتاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل نے یوم جمہوریہ کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور اس دن کی اہمیت اور تاریخی پس منظر کو اُجاگر کیا۔اُنہوںنے ضلع کی ترقیاتی پروفائل دیتے ہوئے ضلع کی مجموعی ترقیاتی منظر نامے اور مختلف سکیموں اور پروگراموں سے ضلع میں ریکارڈ کی گئی حصولیابیوں اور پیش رفت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے بتایا کہ 54.23 کروڑ روپے کا ضلعی منصوبہ پی آر آئیز نے تیار کیا تھا اور اَب تک ضلع میں 35 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ کیپکس کے تحت 1,945کام مکمل ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کے لئے بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم اور مائی ٹائون مائی پرائیڈ کا کامیاب اِنعقاد کیا گیا۔پی ایم ایم وی وائی کے تحت اس سکیم کے تحت 1,498 حاملہ خواتین کو فائدہ پہنچایا گیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اِنتظامیہ نے رہبر اِی۔ کولگام پورٹل شروع کیا ہے جس سے بے روزگار نوجوان خود روزگار کی مختلف سکیموں کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اور لوگوں کے لئے مددگار اور اَلاواپیس بھی دستیاب ہیں۔زائد اَز 3,200 نوجوان خود روزگار کی مختلف سکیموں سے مستفید ہوئے اور پی ایم اِی جی پی کے تحت نوجوانوں کو 784 کروڑ روپے فراہم کئے گئے جبکہ ’’ ممکن سکیم ‘‘ کے تحت 153 گاڑیاں نوجوانوں میں تقسیم کی گئیں۔چیئر پرسن ڈی ڈی سی نے آن لائن خدمات کے حوالے سے مزید کہا ہ 434 آن لائن خدمات دستیاب ہیں اور لوگ آف لائن موڈ کے بجائے آن لائن خدمات سے خدمات حاصل کررہے ہیں۔اُنہوں نے حالیہ برفباری کے دوران خدمات کی بحالی میں فوری ردِّعمل پر ضلعی اِنتظامیہ کی بھی تعریف کی۔اُنہوں نے زراعت ، صحت ، سماجی بہبود ، وائی ایس اینڈ ایس ، پی ایچ اِی او ردیگر محکموں میں ریکارڈ کی گئی حصولیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر ثقافتی پروگراموں اور میوزیکل سیشنوں کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔بعد میں تقسیم تقریب کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں افسران، اہلکاروں، ماہرین تعلیم، کھیلوں کے افراد اور پولیس اہلکاروں کو مبارک باددی گئی۔زاہد رحمان او رراحیل امین کو مبارک باد دی گئی جنہوں نے حال ہی میں جموںوکشمیر کے اِنتظامی اِمتحان میں کوالیفائی کیا ہے ۔دریں اثنا، ضلع کولگام میں بھی تقریبا ت کا اِنعقاد کیا گیا جس کے دوران کورٹ کمپلیکس ، بلاکوں ، تحاصیل ، پنچایتوں ، پولیس سٹیشنوں ، میونسپلٹی ، سکولوں او ردیگر تمام اِداروں میں قومی پرچم لہریا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سیکرٹری میں قومی پرچم لہرایا جس میں اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اُنہوں نے اِس دِن کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اس دن کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو مبارکباد دی۔
بانڈی پورہ ۔ضلع بانڈی پورہ میں74 واں یوم جمہوریہ منانے کے لئے عظیم الشان تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بانڈی پورہ عبدالغنی بٹ نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف، جے کے پی، جے کے آئی آر پی، جے کے فائر اینڈ ایمرجنسی، ایس پی اوز، جے کے ہوم گارڈز ، این سی سی ، مختلف سکلوں کے طلباء اور جے کے پی بینڈ گروپ کے دستوں نے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔چیئرمین ڈی ڈی سی کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما بھی تھے۔تقریب میں وی سی ڈی ڈی سی کوثر شفیق، اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی افسر خان، ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن محمد اشرف حکاک، اے ایس پی بانڈی پورہ عاشق حسین ٹاک، اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجا، پدم شری فیصل علی ڈار، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سیز پی آر آئیز، سول انتظامیہ، پولیس، عدلیہ کے سینئر افسران اور پیرا ملٹری اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ایس کے سٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔پروگرام میں مختلف ثقافتی تقریبات اور حب الوطنی کے گیتوں کی پیشکش کا مشاہدہ کیا گیا جس میں ہندوستان کی ثقافتی، اقتصادی اور سماجی ترقی کو دکھایا گیا تھا۔طلباء کی طرف سے ایک منفرد کثیر لسانی فیوژن گیت بھی پیش کیا گیا جس کے علاوہ سی آر پی ایف کے جوانوں کے خصوصی کشمیری گیتوں نے ایس کے سٹیڈیم میں ہونے والی تقریبات میں رنگ بھر دیا۔محکمہ تعلیم کی طرف سے آئین ساز اسمبلی کے کام کو پیش کرنے والی جھانکی اور آئی ڈی پی ایس کی طرف سے ایک جھانکی تھیم ’’ پنُن وطن‘‘ سے جموںوکشمیر یوٹی کی سیاحتی صلاحیت کو ظاہرکیا ہے، نے بھی شرکأ کو محظوظ کیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی عبدالغنی بٹ نے اپنی تقریر میں شرکأ کو مبارکباد دی اوریوم جمہوریہ کی تقریبات کے تاریخی تاریخی پس منظر کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے آئین ساز اسمبلی اور قوم کے لئے مختلف شخصیات کی شراکت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے مختلف محاذوں پر ملک کی ترقی کے پہلوؤں پر بھی بات کی۔اُنہوں نے کہا کہ جن بھاگیداری اقدام نے ہر فرد کو ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقعہ فراہم کیا۔اُنہوں نے منتخب نمائندوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا جس سے ضلع ترقیاتی کی بلندیوں کو حاصل کرنے اور تمام تر پیش رفت کے قابل بناتا ہے۔چیئرمین نے کہا کہ عوام کو 175 خدمات آن لائن فراہم کی جاتی ہیں جو کہ بہتر حکمرانی اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کیپکس کے تحت 2022-23 ء کے 720.97 کروڑ میں سے 80 فیصد فنڈز مختلف منصوبوں کے لئے استعمال کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں 440 کلومیٹر سڑک کو میکڈیمائز کیا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ پی ایم جی ایس وائی سے 41 دُور دراز بستیوں کے لئے سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت 290 کلومیٹر طویل سڑک کے لئے 112 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہر سیکٹر میں ترقی کی جانب گامزن ضلع ٹی اینڈ ڈی نقصانات کو کم کرنے میں اوّل نمبر پر ہے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ضلع کے ہر بلاک کی صورت حال تک رسائی حاصل کرنے کے لئے بلاک دیوس اور عوامی رابطہ پروگراموں کا انعقاد کیا اور عوام کو ان کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل کو سنا۔آخیر میں ڈی ڈی سیز، بی ڈی سیز، پی آر آئیز، پولیس افسران، افسران اور مختلف سول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے لئے بہترین عوامی خدمات کی فراہمی پر اعزازی تقریب بھی منعقد کی گئی۔یوم جمہوریہ کی تقریبات ضلع بھر میں منی سیکرٹریٹ، سب ڈویڑن گریز، سب ڈویڑن سنبل، بلاک لیول، پنچایت لیول کے علاوہ ضلع کے سکولوں اور کالجوں میں بھی منعقد کی گئیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے منی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی۔
پلوامہ۔ضلع پلوامہ میں 74 واں یوم جمہوریہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جہاں ڈی ڈی سی چیئرپرسن پلوامہ سید عبدالباری اندرابی نے قومی پرچم لہرایا اور ڈی پی ایل پلوامہ میں پریڈ کی سلامی لی۔مارچ پاسٹ جے کے پی، سی آر پی ایف، آئی آر پی، جے کے پی خواتین دستے، ہوم گارڈز، این سی سی، ایس پی اوز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، اور سکولی بچوںنے پیش کیا۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کی تقریبات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عام لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضلع میں شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی اقدامات کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے آئین ہند کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جسے 26 ؍جنوری 1950 ء کو اپنایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی نمایاں انفرادیت اس کی ایک یونیورسٹی آئی یو ایس ٹی ، جے کے اِی ڈی آئی ،پولی تکنیک کالج آئی ٹی آئی اور اور مختلف کالج ہیں جو سکولی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ ساتھ خود روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اونتی پورہ میں کشمیر کا پہلا ایمز 26 سو کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور جنوری 2024 ء تک مکمل ہونے کی اُمید ہے۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ زمینی سطح پر مختلف ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کی تیاری کے دوران گرام سبھائوں، گاؤں کی کمیٹی کے اجلاسوں میں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین شامل تھے تاکہ تمام شعبوں میں یکساں ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے ضلع میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کو پوری طرح متحرک کیا گیا ہے کیوںکہ حال ہی میں گھر گھر کوڑا کرکٹ جمع کرنا شروع کیا گیا ہے۔ اس دوران کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے 41,278 سوکیج گڑھے بنائے گئے ہیں۔ سال 2021-22ء میں پی ایم اے وائی گرامین کے تحت 505 مکانات تعمیر کئے گئے جبکہ رواں سال 598 مکانات کی تعمیر کا ہدف ہے جس میں 151 مکانات پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی نے 18 کروڑ کے کام ہاتھ میں لئے ہیں اور ضلع میں کچھ اہم منصوبے مکمل کئے ہیں جن میں کلاک ٹاورز کی تعمیر بھی شامل ہے جو دو شہداء کے ناموں سے منسوب ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود مختلف سماجی تحفظ کی سکیمیں عملارہا ہے اور مختلف پنشن سکیموں کے تحت 47,193 افراد کو ڈی بی ٹی موڈ کے ذریعے ان کے کھاتوں میں ماہانہ وظیفہ مل رہا ہے۔ جبکہ اقلیتی اور دیگر ایس سی سے تعلق رکھنے والے 14,544 طلبہ سکالرشپ پروگرام کے لئے رجسٹرڈ ہیں اور شادی امدادسکیم کے تحت 913 لڑکیوں کو فی کس 50,000 روپے ادا کئے گئے ہیں۔ سید عبدالباری اندرابی نے کہا کہ انتظامیہ عوام کو ہیلتھ کیئر کی منظم اور مضبوط سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے، اس سلسلے میں اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی اور اے بی پی جے اے وائی صحت سکیمیں متعارفی کی گئی ہیں۔ اِس کے علاوہ جسمانی طور خاص اَفراد کو 5,900 یو ڈی آئی ڈی کارڈ فراہم کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع کے نوجوان پی ایم ای جی پی، ایم ایس ایم ای اور جے کے آر ای جی پی جیسے مرکزی حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں کے ذریعے اپنی آمدنی پیدا کرنے والے یونٹوں کو قائم کرکے کاروباری شخصیت کے ماڈل تیار کررہے ہیں۔اُنہوں نے ضلع بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کرنے کے حوالے سے کہا کہ مختلف منصوبوں کی تعمیر مختلف مراحل میں ہے اور ضلع انتظامیہ نے 2023 ء کے آخیر تک ہر 190 پنچایت حلقوں میں کھیل میدان تعمیر کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ پی آر آئی، بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی گرانٹس کی مدد سے گزشتہ چند برسوںمیں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں لیکن اسے مزید مستحکم کرنے کے لئے بہت سے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ سڑکوں کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دور ڈیجیٹل دور ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ 448 خدمات میں سے 405 خدمات عوام کو آن لائن فراہم کی ہے اور اس طرح ہندوستان کا ڈیجیٹل خواب پورا ہو رہا ہے۔اِس موقعہ پر مقامی فن کاروں نے مختلف ثقافتی آئٹمز جیسے ملی نغمے ، سکٹس ، قوامی ، بانڈہ پتھر اور بانگڑہ پیش کئے اور محکمہ اطلاعات ، محکمہ تعلیم اور محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے فن کاروں نے بھی حب الوطنی کے گیتوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔دریں اثنا،افسران،ملازمین، طلباء، نامور افراد، آرگنائزیشنوں اور افراد کو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات سے نوازا گیا۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر بصیر الحق چودھری ، ایس ایس پی پلوامہ جی جیلانی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ، سول اور پولیس اَفسران کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی ممبران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بڈگام۔بڈگام میں آج 74 واں یوم جمہوریہ پورے ضلع میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی تقریب سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمیں ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام نذیر احمد خان نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی پی ایف ، ہوم گارڈز ، این سی سی کیڈٹس کے علاوہ تعلیمی اِداروں کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد ، ایس ایس پی بڈگام ،الطاہر گیلانی ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران ، اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرام اللہ ٹاک ، اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد لون ، اے ایس پی گوہر احمد موجود تھے۔اِس موقعہ پر تمام ضلعی اور سیکٹورل افسران،پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے افسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر چیئرمین ڈی ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے بڈگام کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد دی۔اُنہوں نے ہر شہری کی بے لوث شراکت کے لئے مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور سال 2022-23ء کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے ضلع کے جاری ترقیاتی منظر نامے کو اُجاگر کیا اور کہا کہ ضلع بڈگام حکومتی اقدامات میں لوگوں کی فعال شمولیت سے نئی بلندیوں کو چھورہا ہے ۔اِس موقعہ پر مختلف فن کاروں ، سکولی بچوں نے مختلف رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں چھکری ، روف لڑی شاہ ، حب الوطنی پ رمبنی گیت ، بانگڑہ شامل ہے جس حاضرین محظوظ ہوئے۔لوگوں کی بڑی تعداد نے مارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں کو سراہا۔تقریب تقسیم اَنعامات کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں مختلف محکموں کے اَفسران و اہلکاروں کو ان کی عمدہ کارکردگی پر نوازا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے ڈی سی آفس میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا اور یوم جمہوریہ کی مبارک باد دی۔
گاندربل۔گاندربل میں آج 74 واں یوم جمہوریہ پورے ضلع میں بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس کے دوران ضلع، سب ڈسٹرکٹ، تحصیل اور پنچایت کی سطح پر مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔مرکزی تقریب قمریہ گراؤنڈ گاندربل میں منعقد ہوئی جہاں چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، پی ٹی ایس منیگام، فارسٹ پروٹیکشن فورس، ایس پی او گاندربل، ڈسٹرکٹ پولیس، ہوم گارڈ، فائر سروس اور مختلف سکولوں کے طلباء نے پیش کیا۔ اس کے علاوہ طلباء کی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی شو ، حب الوطنی کے گیت اور لوک رقص بھی پیش کیا گیا۔اس تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنرگاندربل شیامبیر، ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر، صدر میونسپل کونسل گاندربل، اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسن، میونسپل کونسلروںکے علاوہ پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور ضلع انتظامیہ کے مختلف افسران اورملازمین موجود تھے۔چیئر پرسن ڈی ڈی سی نے اپنے خطاب میں گاندربل کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے یوم جمہوریہ کی اہمیت اُجاگر کی اور کہا کہ ہندوستان کا آئین ملک کے دوسرے ممالک سے ممتاز ہے اور یہ آئین ہر باشندے کومساوی حقوق فراہم کرتی ہے۔اُنہوں نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور ہمہ گیر ترقی کے نئے باب ابھر رہے ہیں اور نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانا، تمام سہولیات کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا، صحت عامہ کو بہتر بنانا، سماجی بہبود کے لئے نئی راہیں تلاش کرنا شامل ہیں۔چیئرپرسن نے ضلع کی طرف سے حاصل کی گئی کامیابیوں کا جائزہ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع نے مختلف ترجیحی شعبوں بشمول تعلیم، ہیلتھ کیئر، زراعت اور اس سے منسلک شعبے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، منریگا، جے جے ایم، میکڈیمائزیشن اور سڑک رابطہ ،سماجی بہبود ، نشامُکت بھارت او رخود روزگار ، دیہی علاقوں میں تمام شعبوں میں نمایاں کامیابیاں دکھائی ہیں۔تقریب کا اختتام مارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لینے والے طلباء اور دستوں میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر متعدد افسران اور ملازمین کو ان کے مثالی کام پر مبارکباد بھی دی گئی۔
کپواڑہ۔کپواڑہ میں 74 واں یوم جمہوریہ پورے ضلع میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کپواڑہ عرفان سلطان پنڈت پوری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ،سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، ہوم گارڈز ، ایف گاردز ، ایف پی ایف ، سپیشل کمانڈوز، پولیس بینڈ ، این سی سی کیڈٹس او رسکولی بچوںکے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس کے علاوہ اَپنے پہلے تجربے میں پریڈ کے دوران ٹیبلوز ( جھانکیز ) بھی پیش کئے گئے جس میں مختلف شعبہ جات کی کامیابیوں کو دِکھا یا گیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر، ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس ، اے ڈی سی کپواڑہ غلام نبی بٹ ، ڈی دی سی ممبران ، بی دی سی چیئرپرسن ، سرپنچوں کے علاوہ پولیس ، فوج اور ضلع کے اَفسران اور تمام محکموں کے ملازمین موجود تھے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئین ہند کے خصوصی حوالہ سے یوم جمہوریہ کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے شہدأ کو بھی یاد کیا۔چیئرمین نے ضلع کی ترقیاتی کامیابیوں کا ذِکر کیا او رکہا کہ ضلع جموںوکشمیر یوٹی میں سماجی و اِقتصادی طور پر آگے بڑھ رہا ہے ۔اُنہوں نے بارہمولہ۔ کپواڑ ہ ۔چوکہ بل۔چیم کوٹ قومی شاہراہ کی تعمیر ،ہندواڑہ میں اِنڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجیکل پارک کی تعمیر ، ٹیٹوال میں 12 میگاواٹ کے کرناہ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر ، گورنمنٹ میڈیکل کالج ہنڈواڑہ، 315 میگاواٹ کے کرناہ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر، واہی پورہ لنگیٹ میں ایم وِی اے گرڈ سٹیشن ، ہندواڑہ ڈسٹرکٹ ہسپتال اور ولگام اور کرالہ پورہ میں دوڈگری کالجوں کی تعمیر سمیت ضلع میں نافذ کئے جانے والے مختلف فلیگ شپ پروگرام کا بھی شمار کیا۔چیئرمین نے ڈپٹی کمشنر کپواڑہ اور ان کے اَفسران کی ٹیم کو ذیمداری پروجیکٹ کا ایک اِختراعی اور نیا تصور پیش کرتے ہوئے ضلع میں تعلیمی نظام کی بحالی کے لئے بہترین کوششیں کرنے پر مبارک باد دی ۔اُنہوں نے ضلع میں بہتر کام کرنے پر دیگر محکموں کو بھی سراہا۔چیئرمین نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی رہنمائی میں ضلع کپواڑہ کی درجہ بندی میں اسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تحت بہتری لائی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں سیاحت کے وسیع اِمکانات موجود ہیں اور اِنتظامیہ اِس صلاحیت سے اِستفادہ کرنے اور ضلع کے سیاحتی مقامات کو تلاش کرنے کے لئے کوشاں ہے۔اِس سے قبل چیئرمین ڈی ڈی سی، ڈی سی کپواڑہ، وی سی ڈی ڈی سی اور ایس ایس پی کپواڑہ نے یادگار شہداء گل دائرے چڑھائے۔ تقریب کے دوران سکولی بچوں اور فنکاروں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔بعد میں ایک ایوارڈ تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس میں مارچ پاسٹ ، ٹیبلوز اور ثقافتی پروگراموں میں بہترین کارکردگی دِکھانے والوں کو اَنعامات سے نوازا گیا۔ اِنتظامیہ کے مختلف اَفسران اور ملازمین کو ان کے اَچھے کام پر ایوارڈ ز بھی دئیے گئے۔
شوپیان۔ 74 واں یوم جمہوریہ آج ضلع پولیس لائنز شوپیاں میں بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور یہاںچیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی)بلقیس جان نے ترنگا لہرایا، مارچ پاسٹ پرسلامی لی اور پریڈ کا معائینہ کیا۔ مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے کے پی، آئی آر پی، فائر اینڈ ایمرجنسی، فارسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈز، این سی سی اور مختلف تعلیمی اداروں کے سکولی بچوں کے دستوں نے حصہ لیا۔اِس موقعہ پر چیئر پرسن ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں شوپیان کے عوام کو اَپنی مبار ک باد پیش کرتے ہوئے اِس دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں قومی یکجہتی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اَمن کے فروغ کے لئے مل کر کا م کریں۔اُنہوں نے یوٹی حکومت او رضلع اِنتظامیہ کی طرف سے ضلع کی مجموعی ترقی کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں ضلع اِنتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں کی قیادت میں ضلع نے ترقیاتی محاذ پر قابل تعریف کامیابیاں ریکارڈ کی ہیں۔اُنہوں نے ضلع کی ترقی کے بارے میں کہا کہ حکومت عوام کو بہتر سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، صحت سہولیات، معیاری تعلیم، بجلی اور پانی کی فراہمی کے علاوہ عمر رسیدہ، جسمانی طور خاص اَفراد اور بیواؤں کو سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے۔انہوں نے ضلع میں بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کے مخصوص مواقع فراہم کئے جانے کا ذکر کیا تاکہ نوجوان منشیات سے بچ سکیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے اور مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے صحیح راستے پر چلیں۔سکولی بچوں اور دیگر کی جانب سے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جن سے حاضرین محظوظ ہوئے۔اس موقعہ پر ضلعی انتظامیہ نے ثقافتی پروگراموں اور مارچ پاسٹ میں اعلیٰ اور مثالی پرفارمنس سمیت ضلعی افسران کو مومنٹوز اور توصیفی اسناد پیش کیں۔










