سرمد حفیظ نے بانڈی پورہ میں ’ مائی ٹائون مائی پرائیڈ‘ میں شرکت کی

بانڈی پورہ//نشاط پارک بانڈی پورہ میں ’’ مائی ٹائون مائی پرائیڈ‘‘ کا پہلا دِن بڑے جوش و خروش اور بہت زیادہ مداحوں کے ساتھ شروع ہوا۔سیکرٹری سیاحت اور امور نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے ’’ مائی ٹائون مائی پرائیڈ‘‘ کی تقریبات کے پہلے دِن بانڈی پورہ کا دورہ کیا۔اُنہوں نے بانڈی پورہ ٹائون میں دِن بھر کی تقریبات میں شرکت کی۔مرکزی تقریب کا اِنعقاد نشاط پارک بانڈی پورہ میں کیا گیا جہاں تقریبا ت کا اِفتتاح سیکرٹری موصوف نے کیا۔سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی بھی تھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے کہا کہ مائی ٹائون مائی پرائید اربن لوکل سیلف گورننس کو مضبوط بنانے اور جواب دہ اور شراکتی طرز حکمرانی کے ساتھ عوام کی خدمات کرنے کا اَقدام ہے۔اُنہوں نے عوام پر مبنی سرکاری سکیموں اور آن لائن خدمات کے بارے میں گہری بیداری پر زور دیا۔اس موقعہ پر سرمد حفیظ نے علاقے کی بہتری کے لئے کمیونٹی کی شرکت پر زور دیا۔ اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے اردگرد صفائی کو برقرار رکھیں اور گھر گھرکوڑا کرکٹ اُٹھانے کے لئے اَفسران کے ساتھ تعاون کریں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام سرکاری سکیموں کو نچلی سطح پر نافذ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ لوگوں کی معاشی اور سماجی ترقی اور خود روزگار سکیموں سمیت مختلف سرکاری سکیموں کی سیر حاصل کرنے کے لیے مزید لگن، ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور نوجوانوں پر مبنی مختلف سرکاری سکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔سیکرٹری موصوف نے مختلف سکیموں کے تحت اپنی کامیابیوں اور پیش رفت کو دکھانے کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوںکا دورہ کیا۔سیکرٹری نے مائی ٹائون مائی پرائیڈ (شہری) کے تحت نقد امداد کے لئے چیک بھی تقسیم کئے اورممکن اور تیجسوینی کے تحت بے روزگار نوجوانوں میں چابیاں اور منظوری نامے بھی حوالے کئے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ضلع بانڈی پورہ میں جاری اور مکمل شدہ ترقیاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی گلیوں اور نالوں کا کام جاری ہے۔ بانڈی پورہ شہر میں 40 لاکھ کا کام جاری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ، حاجن اور سنبل قصبوں میں 117 کاموں میں سے 93 کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 24 کام جاری ہیں۔پروگرام میں مختلف معززین اور طلباء کی تقاریر بھی دیکھی گئیں جنہوں نے پلاسٹک کے سنگل استعمال کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور صفائی کے اَقدامات کے علاوہ ثقافتی پروگرام بھی سامعین کو محظوظ کرنے کے لئے پیش کئے گئے۔بعد میں سیکرٹری نے نئے بس اڈہ پر 45 لاکھ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شاپنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔سرمد حفیظ نے نیو بس اڈہ بانڈی پورہ میں 136.00 لاکھ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور چلڈرن پارک بانڈی پورہ میں شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔سیکرٹری نے دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور مریضوں سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔اپنے دورے کے دوران سیکرٹری نے ایس کے اسٹیڈیم بانڈی پورہ کا بھی دورہ کیا اور مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔نشاط پارک بانڈی پورہ میں ہونے والے اس پروگرام میں پدم شری فیصل علی ڈار، صدر ایم سی بانڈی پورہ، بشارت حسین، اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجا، سی او 14 آر آر اجے راوت، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، طلباء ، بڑے عوامی اجتماع کے علاوہ بزرگ شہریوں اور دیگر نے بھی شرکت کی۔