متاثرین کی ہر ممکن مدد ہو گی ، ماہرین ارضیات کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے گی/ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن
سرینگر / // جموں کے رام بن ضلع میں سڑک ڈھہ جانے کے نتیجے میں 50رہائشی مکانات کو نقصان پہنچنے کے بعد انتظامیہ نے تمام کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کا کہنا ہے کہ نقصان کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ماہرین ارضیات کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے گی۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے رام بن ضلع کے پر نوٹ علاقے میں گزشتہ شام سڑک کھسکنے سے کم از کم 50 مکانات کو نقصان پہنچا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں 30 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا اور بعد میں 20 مزید متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں اور انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کیلئے کھانے اور دیگر متعلقہ سامان کا انتظام کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضروری خدمات کی بحالی کا کام جلد یقینی بنایا جائے گا اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ماہرین ارضیات کی ایک ٹیم صورتحال کا جائزہ لے گی اور اس کے مطابق بھاری نقصانات کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ ضلع میں جمعرات کی شام دیر گئے سڑک ڈھہ جانے کے نتیجے میں مکانات کو نقصان پہنچ گیا ہے ۔










