NIAکارول قابل تعریف ،مودی سرکار زیرئو ٹالرنسکی پالیسی پر کاربند:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ
سری نگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ دنیامیں دہشت گردی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی سب سے بڑی شکل ہے، اور لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا بالکل ضروری ہے۔جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے13 ویں یوم تاسیس کے موقعہ پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے خلاف درج مقدمات نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کو روکنے میں کافی حد تک مدد کی ہے۔اس پروگرام میں مرکزی وزرائے مملکت برائے امورداخلہ اجے مشرا ٹینی اور نسیت پرمانک بھی موجود تھے۔مرکزی وزیرداخلہ نے کہاکہ ’’میرا ماننا ہے کہ دہشت گردی سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی‘‘۔امت شاہ کاکہناتھاکہ دنیامیں دہشت گردی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی سب سے بڑی شکل ہے،اورانسانی حقوق کے تحفظ کے لئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا بالکل ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ جب بھی انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں ہوتی ہیں، کچھ انسانی حقوق کے گروپ انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھاتے ہیں لیکن میں ہمیشہ یہ سمجھتا ہوں کہ دہشت گردی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سب سے بڑی وجہ ہے،اوریہ کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے دہشت گردی کو جڑوں سے ختم کرنا ناگزیر ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی اپنائی ہے اور مرکزی حکومت ہندوستان سے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کام کر رہی ہے۔امت شاہ نے کہا کہ جموں اور کشمیر کے دہشت گردی کی فنڈنگ کے مقدمات کی وجہ سے جو این آئی اے کے ذریعہ درج کئے گئے ہیں، اب وہاں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے فنڈ فراہم کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں دہشت گرد تنظیموں کے اوئور گراؤنڈ کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور وہاں دہشت گردی کی رسد اور سپلائی چین کو روکنے کے لئے این آئی اے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ایجنسی کو بیرون ملک دہشت گردی کے معاملات کی تحقیقات کرنے کی بھی حمایت کی جہاں ہندوستانیوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ اپنی تشکیل کے بعد سے،NIA نے400 مقدمات درج کئے جبکہ 349 مقدمات میں چارج شیٹ داخل کی گئی جس کے ساتھ سزا کی شرح 93.25 فیصد ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے NIA اور UAPA ایکٹ کو مضبوط کیا ہے اور ایجنسی کو بیرون ملک دہشت گردی کے معاملات کی جانچ کرنے کا حق دیا ہے جہاں ہندوستانی ہیں،اور نقصان پہنچایا گیا۔










