SNOW

دو ماہ کے طویل خشک موسمی صورتحال سے آخر کار اہلیان وادی کو نجات مل ہی گئی

پیر کی گلی ، گلمرگ اور گریز سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور کچھ میدانی علاقوں میں رم جم بارشیں

سرینگر // وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کے بیچ پیر کی گلی ، گلمرگ اور گریز سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری اور کچھ میدانی علاقوں میں رم جم بارشیں ہوئی ۔ ادھر بارشوں اور برفباری کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں کچھ بہتری آئی ہے ۔ گزشتہ رات کے مقابلے میں اگرچہ شبانہ درجہ حرارت میںکچھ بہتر ی ریکارڈ کی گئی تاہم سیاحتی مقامات پر شبانہ سردیوںکا قہر جاری ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں رواں ماہ کے آخر تک ابر آلود موسم کے ساتھ برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق چلہ کلان کے آخری ایام میں بھی سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کے ساتھ ساتھ خطہ لداخ اور جموں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ وادی کشمیر طویل خشک موسمی صورتحال سے آخر کار اہلیان وادی کو کچھ حد تک راحت ملی اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ سمیت چند بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ، کپواڑہ کے کچھ حصوں اور گاندربل کے کنگن سے برفباری کی اطلاع ملی ہے جبکہ سرینگر میں صبح سویرے رم جم بارشیں ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ دوران شب سے ہی وادی کشمیر میں موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران شہرہ آفاق گلمرگ ، سونہ مرگ ، پیر کی گلی ، گریز ، کپواڑہ کے زیڈ گلی ، شوپیان کے دیگر کچھ میدانی علاقے جن میں ہیر پورہ ، پڈون ، اور دیگر کچھ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا اور آخری رپورٹ تک شہرہ آفاق گلمرگ میں دو سے تین انچ ، سونہ مرگ میں ایک سے دو انچ اور شوپیان کے ہیر پورہ علاقے میں قریب چار انچ تازہ برف جمع ہوئی ۔ نل کے آر پار تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں پھر سے کمی آئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا بادل چھائے رہنے کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جس کے ساتھ سرینگر میں منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا ۔ اسی طرح سے پہلگام میں گزشتہ رات منفی 6.3 ڈگری کے مقابلے میں منفی 0.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ کے مطابق 27 جنوری کو، جزوی طور پر عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی برفباری کا امکان ہے جو کہ دیر شام تک الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہے۔انہوں نے کہا کہ 28-29 جنوری کو، عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے بارش یا برفباری کا امکان بہت سے مقامات پر ہے۔ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔