weather

دوران شب سے تاایں دم میدانی علاقوں میں بارشیں ،بالائی مقامات پر ہلکی تادرمیانی برف باری

شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ ،بیشتر مقامات پر معمول سے زیادہ،مزید اضافہ متوقع:محکمہ موسمیات

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعے اوراتوار کی درمیانی رات کشمیروادی ،خطہ چناب اور خطہ پیرپنچال کے میدانی علاقوںمیں بارش اور متعددبالائی علاقوں بشمول گلمرگ ،سونہ مرگ ،زوجیلا،پیرکی گلی ،گریز،کولگام،کپوارہ ،کشتواڑاور سن تھن ٹاپ پر برف باری کاسلسلہ شروع ہوا۔حکام نے بتایاکہ سری نگر سمیت وادی کے کئی میدانی علاقوںمیں ہفتہ کی صبح اور دوپہرکے وقت وقفے وقفے سے بارشوں اور کچھ مقامات پر ہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوا۔انہوںنے کہاکہ تازہ برف وباراں اورآسمان پر بادل چھائے رہنے کے باعث پوری کشمیروادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزیداضافہ درج کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کئی علاقوںمیں برف باری ہونے کے بعد جمعے اور ہفتہ کی درمیانی رات خطہ پیر پنچال کے آرپار متعددبالائی علاقوں بشمول گلمرگ ،سونہ مرگ ،زوجیلا،پیرکی گلی ،گریز،کولگام،کپوارہ ،کشتواڑاور سن تھن ٹاپ پر برف باری کاسلسلہ شروع ہوا۔محکمہ موسمیات نے ہفتہ کی صبح بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلمرگ میں 11 سینٹی میٹر اور لیہہ میں تقریباًایک سینٹی میٹر برف باری ہوئی ہے جبکہ بانڈی پورہ کی وادی گریز، گاندربل کے سونمرگ ،کولگام کے بالائی علاقوں ،پیرکی گلی ،سن تھن ٹاپ ا، وادی کے دیگر کچھ بالائی علاقوں کے علاوہ کشتواڑ کے بالائی علاقوںسے بھی تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر میں ہفتہ کی صبح ساڑھے8بجے تک0.9 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں2.6 ملی میٹر، پہلگام میں2.3 ملی میٹر، کپواڑہ میں5.5 ملی میٹر، کوکرناگ میں5.6 ملی میٹر، جموں میں1.0 ملی میٹر، بانہال میں 9.4 ملی میٹر، بٹوٹ میں 13.8 ملی میٹر، کٹرہ میں2.6 ملی میٹر اور بھدرواہ میں2.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔اس دوران شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع بشمول بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ کے علاوہ وسطی کشمیر کے تینوں اضلاع سری نگر ،بڈگام اور گاندربل کیساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع اننت ناگ،پلوامہ ،کولگام اورشوپیان میں ہفتہ کودن بھر وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری رہاجبکہ بالائی علاقوںمیں برف باری کاسلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات بھی ملیں ۔ادھر محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جمعے اور ہفتہ کی درمیانی رات آسمان پر بادل چھائے رہنے کے درمیان کم سے کم درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا جس کے ساتھ سری نگر میں دوران شب کم از کم درجہ حرارت2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4ڈگری سینٹی گریڈزیادہ تھا۔انہوںنے کہاکہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ پہلگام میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ معمول سے 4.4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت2.3ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا اور یہ اس جگہ کے لئے معمول سے 3.0 زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم پارہ3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوںنے نے بتایا کہ کپوارہ قصبے میں، پارہ 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ پر طے ہوا جو معمول سے 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔