ہندوستان کو کمزور سمجھنے والے ممالک آج عالمی فورموں پر ہماری باتیں غور سے سنتے ہیں:راجناتھ سنگھ
سرینگر //دنیا میں ہندوستان کا قد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی وجہ سے بڑھا ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کو کمزور سمجھنے والے ممالک آج عالمی فورموں پر بھارت کی باتیں غور سے سنتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی عزت بہت بڑھ گئی ہے اور ہم کسانوں، مزدوروں، تاجروں، طلباء، نوجوانوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سابق بیوروکریٹ دھیرج بھٹناگر کے لکھے ہوئے ہندی شاعری کے ترجمے ’’رامچریتمانس‘‘کی ریلیز کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت بھگوان رام کے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہی ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت کسانوں، مزدوروں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے ہر ممکن کام کرنے میں لگی ہوئی ہے۔
آج ملک رام راجیہ بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ دنیا میں ہندوستان کا قد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی وجہ سے بڑھا ہے اور کہا کہ ہندوستان کو کمزور سمجھنے والے ممالک آج عالمی فورموں پر بھارت کی باتیں غور سے سنتے ہیں ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پہلے جب بین الاقوامی فورمز پر ملک کی بات ہوتی تھی تو کوئی اسے سنجیدگی سے نہیں لیتا تھا لیکن آج دنیا بہت غور سے سنتی ہے۔ ہندوستان کی عزت بہت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام کی زندگی کی کہانی حکومت کیلئے رہنما کا کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا، مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم بھگوان رام کے بتائے ہوئے آدرشوں کے راستے پر چلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ہم کسانوں، مزدوروں، تاجروں، طلباء ، نوجوانوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کو گمراہ نہیں کرنا چاہتا۔ نہ ہی میں یہ کہوں گا کہ ہم نے ملک میں رام راجیہ شروع کر دیا ہے، لیکن ہم اس سمت میں ضرور بڑھے ہیں۔ اسی دوران مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے تقریب میں کہا کہ اس سال ایودھیا میں بھگوان رام کا عظیم الشان مندر کھولا جائے گا۔










