bemina srinagar flood

دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کوعبور کر گئی

محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول نے کیا الرٹ جاری ،آبگاہوں کے قریب رہنے والوںکوہوشیار رہنے کی تلقین

سری نگر//شہرسری نگر ،پانپور اورجنوبی کشمیر کے دیگر کئی علاقوںمیں اُسوقت سال2014جیسی سیلابی صورتحال کاسنگین خطرہ پیداہوگیا،جب بدھ کوسہ پہر3بجے سنگم بجبہاڑہ کے مقام پردریائے جہلم میں پانی کی سطح 21فٹ خطرے کے نشان کوتیزی کیساتھ عبور کرتے ہوئے 21.32فٹ تک پہنچ گئی ،اورساتھ ہی رام منشی باغ کے مقام پر دریامیں پانی کی سطح خطرے کے نشان18فٹ سے محض تقریباًڈیڑھ فٹ نیچے یعنی 16.21فٹ تک پہنچ گئی ۔محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول نے دونوںمقامات پر جہلم میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعدالرٹ جاری کرتے ہوئے اس بڑے دریاکے نزدیک واقع علاقوں وبستیوںمیں رہنے والے لوگوں سے ہوشیار اورخبردار رہنے کوکہا ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمی صورتحال میں بہتری اوربارشوںکاسلسلہ تھم جانے کے باوجودبدھ کو سہ پہر5بجے محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول نے جاری فراہم کی کہ اسوقت جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح21.83فٹ ،پانپورمیں 4.89فٹ ،رام منشی سری نگرمیں 17.47فٹ اورعشم سونہ واری کے مقام پرجہلم میں پانی کی سطح 8.87فٹ ریکارڈکی گئی ۔اُدھر جنوبی ضلع کولگام میں 8سال قبل تباہی مچانے والے دریا نمانالہ ویشومیں بھی طغیانی آئی اوراس نالے میں کھڈونی کے مقام پرسہ پہر4بجے پانی کی سطح خطرے کے نشان 7.75فٹ کوعبور کرتے ہوئے 9.71فٹ تک پہنچ گئی ۔جبکہ نالہ ویشو کے گردونواح میں واقع نصف درجن علاقوںمیں پہلے ہی اس نالے کاپانی داخل ہوچکاتھا،اوروہاں سیلابی صورتحال پیداہوچکی تھی ۔اس دوران شہر سری نگر کے تیل بل ،بمنہ اوردوسرے کئی علاقوںمیں نزدیکی ندی نالوںکاپانی داخل ہونے سے یہ سبھی علاقے زیرآب آگئے جبکہ گاندربل ضلع میں نالہ سندھ میں طغیانی آنے کے بعدیہاں کئی نزدیکی علاقوںمیں خطرے کی گھنٹی بجادی گئی ۔اُدھر محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کی ٹیموںکوسری نگراورگاندربل میں کئی مقامات پر ندی نالوںکے کناروں پرریت کی بوریاں ڈالتے دیکھاگیا جبکہ سری نگر میونسپل کارپوریشن نے اپنے طور پر شہر کے کئی علاقوںمیں جمع بارشوں کے پانی کی نکاسی عمل میں لانے کے فوری اقدامات روبہ عمل لاکر واٹر پمپ چالو کردئیے ۔اس دوران محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کی جانب سے دریائے جہلم اوردیگر بڑے ندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھ جانے کے حوالے سے ہرگھنٹے بعدتازہ صورتحال یعنی پانی کی سطح کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔دن کے 3بجے دریائے جہلم اورجنوب وشمال بڑے ندی نالوںمیں پانی کی سطح کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے متعلقہ محکمے نے کہاکہ بدھ کوسہ پہر3بجے سنگم بجبہاڑہ کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح 21فٹ خطرے کے نشان کوتیزی کیساتھ عبور کرتے ہوئے 21.32فٹ تک پہنچ گئی۔محکمہ ھٰذانے مزید بتایاکہ سری نگرمیں رام منشی باغ کے مقام پر سہ پہرتین بجے دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان18فٹ سے محض تقریباًڈیڑھ فٹ نیچے یعنی 16.21فٹ تک پہنچ گئی ۔اس دوران پانپور کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے مقررہ نشان 4.45فٹ سے کچھ کم 4.44فٹ ریکارڈکی گئی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ شمالی کشمیرمیں عشم سونہ واری کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح دن کے 3بجے خطرے کے مقررہ نشان 14فٹ سے تقریباً6فٹ کم یعنی 8.12فٹ کی اونچائی پر تھی ۔محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بدھ کوسہ پہر3بجے مختلف بڑے ندی نالوں میں پانی کی سطح کچھ یوں تھی ،ضلع کولگام میں کھڈونی کے مقام پرنالہ ویشومیں پانی کی سطح خطرے کے نشان 7.75فٹ کوعبور کرتے ہوئے 9.71فٹ تک پہنچ گئی۔پہلگام کے بٹہ کوٹ علاقے میں لدر نالے میں پانی کی سطح 1.19میٹر ،سری نگرمیں برزلہ کے مقام پر دودھ گنگا نالے میں پانی کی سطح 2.78میٹر ،ددرہامہ گاندربل کے مقام پرنالہ سندھ میں پانی کی سطح 3.27میٹر،آری زال بیروہ بڈگام میں نالہ سکھ ناگ میں پانی کی سطح 0.52میٹر ،بارہمولہ ضلع کے ٹنگمرگ علاقہ میں درنگ کے مقام پرنالہ فیروز پورہ میں پانی کی سطح 1.30میٹر اوربدھ کوسہ پہر3بجے شمالی کشمیرمیں سیلو سوپور کے مقام پر نالہ پہرئومیں پانی کی سطح 3.56میٹر ریکارڈ کی گئی ۔اسکے علاوہ وادی کے اطراف واکناف میں بہنے والے دیگر ندی نالوں بشمول شوپیان ضلع کے نالہ رمبیارمیں بھی پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ۔محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کی جانب سے سہ پہر4بجے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سنگم بجبہاڑہ ،پانپور ،رام منشی باغ سری نگراورعشم سونہ واری میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں پچھلے ایک گھنٹے کے دوران مزید اضافہ ہوگیا۔محکمہ ھٰذا کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سہ پہر4بجے سنگم کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح 21.60فٹ ،پانپورمیں 4.68فٹ ،رام منشی باغ سری نگر کے مقام پر 16.90اورعشم سونہ واری میں جہلم میں پانی کی سطح 8.47فٹ تھی ۔تاہم نالہ ویشو،لدر نالے ،نالہ سندھ ،رمبیار نالے ،دودھ گنگا،نالہ سکھ ناگ،نالہ فیروز پورہ اورنالہ پہرئو میں پانی کی سطح دن کے3بجے کے مقابلے میں سہ پہر4بجے کچھ کم ہوگئی تھی ۔دریں اثناء کولگام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نالہ ویشومیں طغیانی آنے کے بعداس دریانمانالے کاپانی کناروںکوپھلانگتے ہوئے لائیسومگدر ،چھمب گنڈ،کھڈونی،آڈیگ تن سمیت کئی نزدیکی دیہات میں داخل ہوگیا ،اوریہاں سال2014جیسی سیلابی صورتحال پیداہوگئی ،مقامی لوگوںنے بتایاکہ نالہ ویشو کے باندھ ٹوٹ جانے کے یہاں سے بہنے والے سیلابی پانی نے کھیتوں ،باغات میں تباہی مچانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں اورکچھ پلوں وپگڈنڈیوںکوملیامیٹ کردیا۔ادھر سری نگر کے بمنہ اورتیل بل سمیت کئی علاقوںمیں نزدیکی ندی نالوںکاپانی بستیوںمیں داخل ہوگیا۔گوری پورہ بمنہ ،تیل بل اوردوسرے کچھ علاقوںمیں نزدیکی ندی نالوںکاپانی بستیوں اورگھروں میں داخل ہوگیا جبکہ شمالی کشمیر کے تحصیل پٹن کے ہانجی ویرہ اورنزدیکی علاقوںمیں نالہ فیروز پورہ کاپانی گھروںکی دہلیز تک پہنچ گیا اوریہاں لوگ گھروںمیں محصور ہوکررہ گئے ۔دریں اثناء جنوبی کشمیرمیں بارشوںکاسلسلہ تھم جانے کے بعددریائے جہلم میں پانی کی سطح مزیدبڑھ گئی ۔بدھ کو سہ پہر5بجے محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول نے جاری فراہم کی کہ اسوقت جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح21.83فٹ ،پانپورمیں 4.89فٹ ،رام منشی سری نگرمیں 17.47فٹ اورعشم سونہ واری کے مقام پرجہلم میں پانی کی سطح 8.87فٹ ریکارڈکی گئی ۔