نیسبل سمبل میں7سالہ بچہ تیندوے کے حملے میں لقمہ اجل ،ناگام دمہال ہانجی پورہ میں ریچھ کے حملے میں3افراد زخمی
سری نگر//شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نیسبل سمبل علاقے میں پیرکی شام لاپتہ ہوئے 7سالہ بچے کی نعش منگل کی صبح قریبی پہاڑی سے ملی ،جس کو خونخوار تیندوے نے موت کی نیندسلادیا۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پیر کی شام کو نیسبل سمبل میں اُسوقت تشویش کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں ایک 7سالہ بچہ زید بشیر ولد بشیر احمدلاپتہ ہوگئے ،اور مقامی لوگوں کو اندیشہ لاحق ہوا کہ بچے کوتیندوے نے یہاں سے گھسیٹ کرلیاہے۔ذرائع نے بتایاکہ بچے کے لاپتہ ہونے کے بعد پولیس، 13آرآر، سی آر پی ایف اور مقامی لوگوں نے پیرکوشام دیر گئے 7سالہ زید بشیر کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ، ایک کھیت کے قریب لڑکے کے خون کے دھبے اور کپڑے ملے تھے، جس سے اُنہیں شبہ ہوا کہ ایک تیندوے نے، جو اس علاقے میں اکثر دیکھا جاتا تھا، نے لڑکے پر حملہ کیا تھا۔انہوںنے بتایاکہ 10گھنٹے سے زیادہ کی تلاش کے بعد، منگل کو علی الصبح 7سالہ لڑکے کی مسخ شدہ لاش نیسبل میں ایک قریبی پہاڑی سے ملی۔ قانونی کارروائی کے بعد معصوم بچے کی لاش کو آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔اُدھر جنوبی ضلع کولگام کے ناگام دمہال ہانجی پورہ گائوںمیں ایک خونخوار ریچھ کے حملے میں ایک خاتون سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ۔تینوں زخمیوںکو پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال دمہال ہانجی پورہ پہنچایا گیا ،جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد تینوںکو ضلع اسپتال کولگام منتقل کیاگیا۔دریں اثناء نیسبل سمبل اور ناگام دمہال ہانجی پورہ کے لوگوںنے الزام لگایاکہ جنگلی جانوروںکی موجودگی ونقل وحرکت سے متعلق اطلاع فراہم کرنے کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہا۔لوگوںنے تیندوے اورریچھ کو پکڑنے یا ہلاک کرنے کامطالبہ کیا ۔










