خطہ پیرپنچال میں موسلا دار بارشوں کے بعدندی نالوں میں سیلابی صورتحال

سری نگر//جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موسلا دار بارشوں کے بعد راجوری قصبہ کے نزدیک درہالی نالہ میں اچانک طغیانی آنے سے ایک جے سی بی اور ایک ٹپر سیلاب میں بہہ گیاجبکہ نزدیکی ضلع پونچھ کے منڈی علاقہ میں دوران شب ایک کچامکان مٹی کے تودے کی زدمیں آگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق راجوری قصبہ کے نزدیکی نالہ درہالی میں موسلادار بارشیں ہونے کے بعدطغیانی آگئی ۔اس دوران نالے کے نزدیک ریت اورباجری بھرنے کیلئے کھڑے ایک ٹپز اورجے سی بی کوسیلابی پانی اپنے ساتھ بہالے گیا۔ٹپر میں سوار ڈرائیور اوراسکا ہیلپر بھی پانی میں بہہ گئے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ جس وقت سیلابی ریلا ٹپر کواپنے ساتھ بہالے گیا،اُسوقت اُس میں ڈرائیور سجاد احمد ولد محمد اسلم اور ابرار احمد(ہیلپر) ولد جمال دین ساکنان سوکر کوٹرنکا اپنے ٹپر میں ریت لوڈ کررہے تھے کہ اچانک نالے میں پانی سطح بڑھ گئی اور،سیلابی پانی کا ایک تیز ریلاٹپر کوبہالے گیا اوراس میں سوار دونوں افراد بھی سیلاب میں بہہ کر درہالی نالے میں ڈوب گئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ جلد ہی بعد، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور فوج کی طرف سے لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کیلئے ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور کچھ وقت بعد ڈرائیور سجاد احمدکی لاش کو نالے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ سیلاب کی وجہ سے نالے میں ڈوبنے والے ہیلپرابرار احمدکی تلاش جاری تھی ۔بعض اطلاعات کے مطابق مشترکہ ٹیم نے مسلسل کوششوں کے بعدہیلپرکی نعش بھی نالے سے برآمد کی ۔اُدھرنزدیکی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 60 سالہ شخصکچے مکان تلے دب کر ہلاک ہوگیا۔پونچھ ضلع میں منڈی کے بندکماخان علاقے میں ایک کچے کے مکان پر مٹی کے تودے گرنے سے ایک60 سالہ شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگرافرادخانہ افراد بال بال بچ گئے۔ذرائع نے بتایاکہ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا اور 60سالہ عبدالکریم میرنامی شخص اپنے کچے مکان میں سو رہا تھا،اورمٹی کے تودے گرنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، تاہم خاندان کے دیگر افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر رام بن نے ایک پیغام میں ایک ایڈوائزری بھی جاری کرتے ہوئے بگلیار ڈیم کے دروازے کھلنے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر لوگوں کو چناب کے کناروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔