کیپکس بجٹ 2026-27 میں 40 لاکھ روپے مختص
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیاکہ دیور لولاب کپواڑہ میں پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) کی عمارت کی تعمیر کو مالی برس 2020-21 کے دوران ’ڈِسٹرکٹ سیکٹر ‘کے تحت عمل درآمد کرنے والی ایجنسی ’جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ ‘کے ذریعے اِبتدائی طور پر منظوری دی گئی تھی۔اُنہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی اِبتدائی منظوری 199 لاکھ روپے کی لاگت سے دِی گئی تھی جبکہ تعمیراتی کام 141 لاکھ روپے میں الاٹ کیا گیا تھا اور اسے تین مالی برسوں میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔وزیر موصوفہ نے رُکن اسمبلی قیصر جمشید لون کی طرف سے دیور لولاب میںپی ایچ سی کی عمارت کی تکمیل میں طویل تاخیر کے حوالے سے پیش کی گئی’ توجہ دِلاؤ تحریک‘ کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوںنے مزید بتایا کہ اصل’ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) ‘کی تیاری کے بعد گزرنے والے طویل عرصے اور تعمیراتی اَخراجات میں ہونے والے اِضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ نے این ٹی پی ایچ سی دیور لولاب کے گراؤنڈ فلور سے اوپر کے باقی ماندہ تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کے لئے 206.64 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ ڈِی پی آر پیش کی ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ نظرثانی شدہ ڈِی پی آر اس وقت چیف میڈیکل آفیسرکپواڑہ کے زیرِ جائزہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام ضروری اجزأ اس میں شامل ہوں اور عمارت کی تکمیل کے بعد اسے مکمل طور پر فعال بنایا جا سکے۔حکومت نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ نے منصوبے کے لئے یوٹی کیپکس بجٹ 2026-27 کے تحت پہلے ہی 40 لاکھ روپے مختص کر رکھے ہیںاور نظرثانی شدہ ڈِی پی آر کو حتمی شکل دینے اور منظوری ملنے کے بعد ان فنڈز کو باقی ماندہ تعمیراتی کام کی تکمیل کے لئے اِستعمال کیا جائے گا۔وزیر نے اِس بات پر زور دیا کہ محکمہ باقی ماندہ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔










