حفرو بڈگام میں کرنٹ لگنے سے محکمہ بجلی کا لائن مین لقمہ اجل

سری نگر//محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) کے ساتھ کام کرنے والے ایک لائن مین کی اتوار کو وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے حفرو علاقے میں بجلی کا کرنٹ لگ گیا، جس کے باعث لائن مین کی موت ہو گئی۔اس دوران جب علاقے میں ہلاکت کی خبر پھیل گئی ہے تو یہاں کہرام مچ گیا ہے ۔ جبکہ مہلوک کے نماز جنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پُرنم آنکھوں سے نماز جنازہ میں شرکت کی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کوسرکاری ذرائع نے بتایا کہ لائن مین جس کی شناخت محمد اشرف میر بڈا پورہ ناگم چرارشریف کے رہائشی کے طور ہوئی ہے،کو ہاپرو علاقہ میں ٹرانسفر کی مرمت کے دوران بجلی کا کرنٹ لگا۔کرنٹ لگنے کے بعد اشرف میر کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ بجلی کے متعدد ملازمین سال رواں میں اب تک اسی طرح کے حادثات میں لقمہ اجل بن گئے یا ہمیشہ کے لئے ناتوان بن گئے ۔