نئی دہلی// ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نئی دہلی نیرج کمار نے 74ویں یومِ جمہوریہ کے موقعہ پر جموںوکشمیر ہائوس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔اِس موقعہ پر جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور اِس تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموں و کشمیر کے تمام افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔اس پرمسرت موقعہ پر شرکاء کو مبارک باد دیتے ہوئے ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یادکرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں ۔اُنہوں نے کثرت میں وحدت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے۔اِس موقعہ پررنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ بعد میں ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموں و کشمیر ہاؤس کے افسران اور اہلکاروں سے بات چیت کی اور تمام شرکاء کو خصوصی تحائف اور توصیفی اَسناد سے نوازا۔










