جے اینڈ کے اِی وِی پالیسی ۔2026 کو نوٹیفائی کیا گیا اور صاف موبائلٹی کیلئے چھ سالہ روڈ میپ طے کیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

جے اینڈ کے اِی وِی پالیسی ۔2026 کو نوٹیفائی کیا گیا اور صاف موبائلٹی کیلئے چھ سالہ روڈ میپ طے کیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرما او رمحکمہ ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک وہیکل پالیسی ۔ 2026 پر مُبارک باددِی

سری نگر//جموں و کشمیر حکومت نے جے اینڈ کے الیکٹرک وہیکل پالیسی۔2026 کی منظوری دی ہے جس کی منظوری وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی میں وزرأ کے کونسل نے دی جس میں جموں و کشمیر میں صاف، سستی اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط الیکٹرک موبلٹی کو بڑھانے کے لئے چھ سالہ روڈ میپ طے کیا گیا ہے۔یہ پالیسی جو 2026 ء تا 2032 ء کے دوران نافذ ہوگی، کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کو اَپنانے میں تیزی لانا، چارجنگ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور جموں و کشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں الیکٹرک موبیلٹی کے لئے ایک معاون ماحول تیار کرنا ہے۔ یہ پالیسی 2032 ء تک 1.40 لاکھ الیکٹرک گاڑیوں کا ہدف رکھتی ہے جس کے لئے مانگ بڑھانے والی مراعات، موسم کے مطابق بنیادی ڈھانچہ، پاور گرڈ سے انضمام، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ،ہنر کی ترقی اور روزگار پیدا کرنا شامل ہے۔سٹریٹجک انفراسٹرکچر روڈ میپ کے تحت پالیسی میں 900 پبلک چارجنگ سائٹس کے قیام کی تجویز ہے جن میں شہری گرڈز اور ہائی وے کوریڈورز پر 140 فاسٹ چارجنگ ہب بھی شامل ہیں۔ پالیسی میں اِی وی کے لئے تیار پارکنگ کی بھی فراہمی شامل ہے جس میں عمارتوں کے بائی لاز کے مطابق پارکنگ کی 20 فیصد گنجائش اِی وِی کے لئے تیار ہوگی۔پالیسی میںجموں و کشمیر کے مخصوص موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’سپیشلائزڈ ونٹر ویلیڈیشن پروٹوکول‘‘ متعارف کیا گیا ہے جس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں(اِی وِیز) کی سرمائی کارکردگی کی جانچ بالخصوص برفباری اور نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت میں کی جائے گی ۔ یہ فریم ورک اِی وِی چارجنگ ڈیمانڈ کو پاور سسٹم کے ساتھ منظم طریقے سے مربوط کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔پالیسی میں اِی وِی کو اَپنانے کی حوصلہ افزائی کے لئے ای وی قرضوں پر 36 ماہ تک 3 تا 5 فیصد سود میں رعایت فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد اہل مستفیدین کے لئے اِی وِی ملکیت کی لاگت کم کرنا ہے۔ اس میں پرانی گاڑیاں سکریپ کرنے سے جڑی مراعات بھی شامل ہیںجن کے لئے پرانی گاڑیوں کی جگہ صاف اورجدید الیکٹرک گاڑیاں لینے کے لئے سالانہ 50 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔پالیسی میں پہلے 15,800 اہل اَپنانے والوں کے لئے اِبتدائی اپنانے والوں کی اضافی مراعات بھی رکھی گئی ہیں۔ ان میں پہلی 300 اِی بسوں کے لئے 15 لاکھ روپے، پہلی 1,500 ذاتی کاروں کے لئے 1 لاکھ روپے اور پہلی 10,000 دو پہیہ گاڑیوں کے لئے 5,000 روپے شامل ہیںجو پالیسی میں مقررہ اہلیت اور شرائط سے مشروط ہیں۔اس پالیسی میں گاڑیوں کے بیڑے کو مرحلہ وار برقی نظام پر منتقل کرنے، چارجنگ نیٹ ورکس کو وسعت دینے، نجی شعبے کی زیادہ شرکت اور ابھرتے ہوئے ای وی ایکو سسٹم کی معاونت کے لئے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرما اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو جے اینڈ کے الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026 کے نوٹیفکیشن پر مُبار ک باد دِی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پالیسی جموں و کشمیر کے مخصوص جغرافیائی خطے اور سرد موسم کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلین ٹرانسپورٹ کو آگے بڑھانے کے لئے ایک منظم فریم ورک فراہم کرتی ہے۔یہ نوٹیفکیشن عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کی چھ سالہ حکمت عملی کے باضابطہ نفاذ کی علامت ہے جو کلینر موبائلٹی کی طرف منتقلی، معاون انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور الیکٹرک موبائلٹی سیکٹرمیں نئے مواقع پیدا کرنے پر مبنی ہے۔