جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں صف ماتم،ہر آنکھ اشکبار

سڑک حادثے میں بیٹا لقمہ اجل توباپ کی حرکت قلب بند

اننت اناگ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں منگل کی صبح اُسوقت صف ماتم بچھ گئی ،جب یہاں سڑک حادثے میں بیٹے کی المناک موت کی خبرسننے کے بعدباپ کی حرکت قلب بھی بندہوگئی ،اوردونوں باپ بیٹے کاجلوس جنازہ ایک ساتھ برآمد ہوا،جس میں بڑی تعدادمیں لوگوںنے شرکت کی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح پنچہال تھن شانگس کے مقام پر ایک موٹر سائیکل زیرنمبر PB07AK-1407جس کونوجوان عارف احمدوانی ولدعبدالرحمان وانی ساکنہ پنچہال تھن چھترگل شانگس چلارہاتھا،ایک مسافربردار ٹاٹا سوموگاڑی زیرنمبر JK02AB-1227کیساتھ ٹکراگیا۔جواں سال موٹر سائیکل سوار شدیدزخمی ہوگیا،اوراُس کوخون میں لت پت سب ڈسٹرکٹ اسپتال شانگس پہنچایاگیا تاہم یہاں موجود ڈاکٹروںنے ابتدائی طبی جانچ کے بعداس نوجوان کومردہ قراردے دیا۔عارف احمدکی سڑک حادثے میں موت کی خبرجب اُس کے گھروالوں تک پہنچی تواُس کے والد عبدالرحمان کو دل کاشدیددورہ پڑا۔جواں سال بیٹے کی المناک موت کی وجہ سے دل کے دورے سے دوچار ہوئے شخص کوبھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال شانگس منتقل کیاگیا تاہم یہاں موجود ڈاکٹروںنے ابتدائی طبی جانچ کے بعداس شخص کوبھی مردہ قراردے دیا،یوں کچھ منٹوں کے اندراندر شانگس کے ایک کنبے پرایسی قیامت ٹوٹ پڑی کہ بیک وقت کنبے کے دوافراد دردناک موت سے دوچار ہوئے ۔پولیس نے دونوں باپ بیٹے کی یکے بعددیگرے موت واقعہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ ضروری قانونی وطبی لوازمات کے بعددونوں باپ بیٹے کی میتوںکواُن کے لواحقین کے سپردکیاگیا۔اُدھر جواں سا ل عارف احمد اوراُس کے باپ عبدالرحمان کی میتوںکواسپتال سے جب آبائی گھرواقع پنچہال تھن چھترگل شانگس پہنچایاگیاتووہاں کہرام مچ گیا ۔غمزدہ خاندان کے افراد سمیت پورے علاقے کے مردوزن ماتم کرنے لگے ۔باپ بیٹے کی نعشیں دیکھ کر یہاں سبھی لوگوںکی آنکھیں اشکبار ہوگئیں ۔جب دونوں باپ بیٹے کی نعشوںکوجلوس جنازہ کی صورت میں گھرسے نکالاگیاتو یہاںہوکاعالم بپا ہوا،خواتین اوربچوںکی چیخ وپکار نے پورے ماحول کوغمناک بنادیا جبکہ جلوس جنازہ میں شامل لوگوںکی آنکھیں بھی اشکبار ہوئیں ۔نمازجنازہ کی ادائیگیکے دوران بھی یہاں رقعت آمیزمناظر دیکھے گئے ۔بعدازاں باپ بیٹے کی میتوں کوآبائی مقبرہ میں ساتھ ساتھ سپردلحدکیاگیا۔