dooran_news

جموں و کشمیر نے ایسپریشنل بلاکس ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا

سری نگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموںوکشمیر یوٹی کے 44پسماندہ بلاکوں کی ترقی کی طرف توجہ مرکوز کرنے کے لئے ’’ ایسپریشنل بلاکس ڈیولپمنٹ پروگرام ‘‘ شروع کرنے کو منظور ی دی گئی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران فاروق خان اور راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔ایسپریشنل بلاکس ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جن بلاکوں کی نشاندہی کی گئی ہے وہ جموں وکشمیر یوٹی کے سب سے پسماندہ بلاک ہیں جنہیں دوسرے بلاکوں کے برابر کرنے کے لئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔ پروگرام کا مقصد مختلف سماجی و اِقتصادی پیرا میٹرس جیسے تعلیم ، صحت اور بہبودی ، ترقی اور لوگوں کی مجموعی زندگی کے حالات کو بہتر بنانا ہے ۔اِن بلاکوں کو مختلف جاری جموںوکشمیریوٹی کے سکیموں/پرگراموں اور مرکزی معاونت والی سکیموں اور پروگراموں سے تیار کیا جائے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ایک مناسب ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کا کام سونپا جائے گاجبکہ منصوبہ بندی ،ترقی او رنگرانی محکمہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ان بلاکوں کی ضلع وار پیش رفت کی مسلسل نگرانی کرے گا۔پروگرام کے تحت وسائل کو ضلعی سطح پر ترقی کے مختلف شعبوں بشمول غربت ، صحت او رغذائیت ، تعلیم او ربنیادی ڈھانچے میں واضح طور پر بیان کیا جائے گا۔مزید برآں مقررہ معیارکی تکمیل کے بعد ہر بلاک کو ایک کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔