جموں//جموں و کشمیر حکومت نے اتوار کو تین ملازمین کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر آئین ہند کی دفعہ 311 کے تحت برطرف کر دیا ۔ ہندوستان کے آئین کا آرٹیکل 311 یونین یا ریاست کے تحت سول عہدوں پر ملازمت کرنے والے شخص کو برخاست کرنے کا انتظام کرتا ہے ۔ ان ملازمین کو انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ریاست کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں ، دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث پایا ۔ منظور احمد ایتو جونئیر انجینئر ( پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ) پی ایم جی ایس وائی بانڈی پور، سید سلیم اندرابی ، آرڈرلی سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ تحصیل ہندواڑہ ضلع کپواڑہ اور محمد عارف شیخ ٹیچر گورنمنٹ مڈل سکول پگیہلا مہور ریاسی وہ ملازمین ہیں جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ حکومت نے ملک دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے جو حکومت میں ہونے کا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ ان تینوں برطرفیوں سے پہلے 44 سرکاری افسران کو آئین ہند کے آرٹیکل 311 کی دفعات کے تحت برطرف کیا جا چکا ہے ۔










