جموں وکشمیر میں اَنٹرپرینیورشپ ، اِختراع ، انکیوبیشن او رسٹارٹ اَپس کیلئے وسیع اِمکانات موجود ہیں :بھٹناگر

جموں/ /لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں انٹرپرینیورشپ، اختراع، انکیوبیشن اور سٹارٹ اپ کے وسیع اِمکانات ہیں اور گزشتہ تین برسوںسے پورے خطے میں بہت ترقی ہوئی ہے۔مشیر موصوف نے اس باتوں کا اظہار چھوٹے کاروباری ترقی کے خواہشمند اور موجودہ کاروباری افراد کیلئے پانچ روزہ صلاحیت سازی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس پروگرام کا اہتمام انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ ( آئی آئی ایم ) جموں نے اسکل انڈیا اور مرکزی وزارت اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹر پرنیور شپ کے اشتراک سے کے سی سٹی سینٹر میں کیا تھا ۔ خواہشمند کاروباریوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ موجودہ دور پورے جموں و کشمیر کیلئے ترقی کا دور ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قابل قیادت اور رہنمائی میںیو ٹی میں تعمیری اور اصلاحی پالیسی سازی کی وجہ سے پچھلے تین چار برسوں سے زبردست ترقی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک ’ مواقع کی سرزمین ‘ کے طور پر ابھر رہا ہے اور ہندوستان کی ترقی کی کہانی پوری دنیا میں کوئی مماثل نہیں ہے ۔ مشیر نے مزید روشنی ڈالی کہ جموں و کشمیر نے صنعتی شعبے کو بہترین صنعتی سرمایہ کاری پیکج کی پیش کش کی ہے اور اس خطہ نے گذشتہ دو برسوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری کا مشاہدہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لفٹینٹ گورنر کی زیر قیادت انتظامیہ خواہشمند کاروباری افراد کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کر رہی ہے ۔ صلاحیت سازی کے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد شرکاء کو چھوٹے کاروبار کو شروع کرنے ، بڑھنے اور اسے برقرار رکھنے کیلئے ضروری آلات اور علم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام کامیاب کاروباری اداروں کے قیام کیلئے کاروباری منصوبہ بندی ، مارکیٹنگ ، مالیاتی انتظام اور قانونی تحفظات جیسے موضوعات پر تربیتی سیشنز کی ایک رینج پیش کرے گا ۔ مشیر نے یہ بھی کہا کہ شرکاء کو تجربہ کار کاروباری افراد ، صنعت کے ماہرین اور کاروباری پیشہ ور افراد سے سیکھنے کا موقع ملے گا ، جو اپنے علم اور مہارت کا اشتراک کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرکاء دوسرے کاروباریوں کے ساتھ بھی نیٹ ورک کر سکیں گے اور ایسے تعلقات استوار کر سکیں گے جو ان کے کاروباری سفر میں ان کی مدد کر سکیں ۔ مشیر بٹھناگر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یو ٹی حکومت خواہشمند کاروباری افراد کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں ایک چھوٹے کاروبار کی ترقی کے یونٹ ( ایس ایم ڈی یو ) مراکز قائم کر رہی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے چئیر مین آئی آئی ایم جموں ملند کامبلے نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کیلئے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ ابھرتے ہوئے کاروباری افراد ہمارے ملک کی معیشت کو بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ صلاحیت سازی کے پروگرام کے موقع پر مشیر بٹھناگر نے شرکاء سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ ان کے مستقبل کے کاروباری منصوبوں کے بارے میں طویل بات چیت کی ۔