جموں وکشمیر محکمہ سیاحت نے ممبئی میں پانچویں جی ایف ٹی سی میں شرکت کی

ممبئی//جموںوکشمیر محکمہ سیاحت نےجو ہو بیچ کے نووٹیل ممبئی میں منعقدہ پانچویں گلوبل فلم ٹوراِزم کنکلیو ( جی ایف ٹی سی ) میں گولڈ سپانسر کے طورپر شرکت کی۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی اَمور مختار عباس نقوی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اِس کانفرنس میں مرکزی سیکرٹری سیاحت اروند سنگھ، رندھیر کپور ، منوج جوشی ، انیس بھزمی ، راہل راویل ، نند یتا پوری جیسے فلمی صنعت کے معززین نے بھی شرکت کی ۔مہمان خصوصی مختار عباس نقوی نے دیگر معززین کے ساتھ جموںوکشمیر سیاحت سٹال کا دورہ کیا جس کی نمائندگی سی اِی او گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی غلام جیلانی زرگر نے کی۔اِس موقعہ پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سیاحت جموںوکشمیر اَمرجیت جیت سنگھ نے جموںوکشمیر میں مختلف مقامات، سہولیات اور فلم پروڈکشن کے لئے مراعات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔دورانِ پینل ڈسکشن سپیشل سیکرٹری ٹوراِزم نے فلم پالیسی کو بہترین اَنداز میں پیش کیا اور فلم سازوں کو متاثر کیا کہ وہ جموںوکشمیر میں آکر شوٹنگ کریں اور جموںوکشمیر کی قدیم خوبصورتی کو دیکھیں ۔ اُنہوں نے ان سے مراعات کا فائدہ اُٹھانے کو بھی کہا کیوں کہ جموںوکشمیر میں سیاحت کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے۔امرجیت سنگھ نے تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ فیم کے اسیت مودی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جموںوکشمیر میں فلموں ، گیتوں ، دستاویزی فلموں ، سیریز ، ٹی وی سیریلوں وغیرہ کی شوٹنگ کے لئے اِجازت نامہ جاری کرنے کاسِنگل وِنڈو سسٹم ہے۔اُنہوں نے ریڈ چلی پروڈکشن کے جین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہیں عملے کے لئے رہائش پردی جانے و الی رعایتوں اور فیس کی ادائیگی کے بارے میں بتایا۔ایک ٹورسٹ گائیڈ شکیل احمد کے بارے میں حوالہ دیتے ہوئے جوکہ کچھ دِن پہلے پہلگام علاقے میں ایک سیاح کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے فوت ہو گیا تھا ۔سپیشل سیکرٹری نے مہمان نوازی او رجموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے سے وابستہ خدمات فراہم کرنے والوں کی وابستگی اور پروڈکشن ہاؤسز سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر کو ان کی میزبانی کا موقع دیں۔ایچ اِی پانامہ ، جمہوریہ کیوبا ، پولینڈ کے سفیروں ، سپین ٹوراِزم کے ڈائریکٹر نے بھی اَپنے ممالک میں فلم پروڈکشن کی سہولیات کے بارے میں اَپنے خیالات پیش کئے۔دورانِ کنکلیو جموںوکشمیر کے دورے پر آئے اَفسران نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کی اور فلموں ، سیریلوں ، شارٹ فلموں ، ویب سیریز ، گیتوں اور دیگر شوٹنگ کے لئے جموں و کشمیر کے اِمکانات کو اُجاگر کیا۔