سری نگر//جموںوکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس کے تقریباً 50 اُمید واروں کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ صدر جموںوکشمیر ورکرس پارٹی ( جے کے ڈبلیو پی ) میر جنید کی قیادت میں وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو او ایم اُمیدواروں کے لئے عمر کی حد 37اور اس کے مطابق مخصوص زُمرے کے اُمیدواروں کے لئے بڑھانے کے مطالبے سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد سے کہا کہ حکومت نے 2021ء کے اوائل میں اُمید واروں کے لئے عمر کی بالائی حد میں نرمی کی منظوری دی تھی اور حال ہی میں اُمید واروں کے لئے عمر کی حد میں ایک بار پھر نرمی کی گئی تاکہ وہ کمبائنڈ مسابقتی اِمتحان ( سی سی اِی ) 2022ء میں شرکت کرسکیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کو یقین دِلایا کہ وفد کے مطالبے پر غور کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری کی زیر نگرانی ایک کمیٹی اِس معاملے کو غور و خوض اور ازالے کے لئے اُٹھائے گی۔وفد کے اَرکان نے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقعہ فراہم کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔










