جموں//جموںفارسٹ ڈویژن نے جاری مون سون سیزن میں ’’ ہر گائوں ہریالی‘‘ مہم کے تحت ہر گائوں کی پنچایت کو سبز کرنے کی پہل شروع کی ہے۔ اِس مہم کے ایک حصے کے طور پر جو کہ 8 ؍ جولائی کو شروع ہوئی ،گائوں رائیکا میں ہر یالی مہااُتسو کا اِنعقاد کیا گیا جس میں رسمی طور پر شجرکاری کی گئی ۔شجرکاری مہم کا مقصد ہمارے ملک کی گرین ڈرائیو میں حصہ اَدا کرنا ، گلوبل وارمنگ کے خلاف لڑنا اور اِس طرح کلائمیٹ چینج پر اس کے اثرات کو کم کرنا اور آخرکار اگلی پود کے لئے ایک بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔محکمہ جنگلات مقامی لوگوں کو ایسا کرنے کی ترغیب دے رہا ہے تاکہ سبزہ کو بڑھانے کے لئے مقامی طور پر بڑی تعداد میں پودے لگائے جاسکیں۔ صوبائی فارسٹ آفیسر جموں اَنوپ کمار سونی نے دورانِ مہم جموں کے اَضلاع کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ جنگلات کی مہم ’’ ہر گائوں ہریالی‘‘ اور ’’ پیڑ لگائو بیٹی کے نام‘‘ کی تعاون کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کا محکمہ جنگلات دیہاتیوں کو مقامی انواع کے پودے اور سیڈ بالز مفت فراہم کر رہا ہے جو گرین جموں کے مقصد کی تعاون کے لئے بڑی تعداد میں آگے آئیں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر اُگایا ہوا درخت آس پاس کے لوگوں کو مفت آکسیجن ، پانی اور متعدد صحت فوائد فراہم کرتا ہے۔دورانِ مہم ڈی ایف او نے مقامی لوگوںسے کہاکہ شجرکاری مہم کے لئے رینج اَفسران راکیشور رانا ( باہو رینج )، امیر رضا ( جموں رینج)، پون شرما ( کالیدھر رینج ) اور خوشحال سنگھ ( جندرہ رینج ) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔گذشتہ ایک ہفتے سے جاری مہم کے تحت جموں فارسٹ ڈویژن نے پنچایت نگروٹہ ، پنج گرین ، منانی ، سمہ ، سمبل ، لہر ، جگتی ، تراہ ، جندرہ ، مانسر ، سیل کوری بیر ، کچر یال ، گنڈلہ ، مڑھوہ، کھوڑ ، سانوری ، بھٹی باری گڈھ ، بھردال ، جوتھل ، گُرہابرہمن ، سنگل ، دومیل ، ناتھل ، پنج گرین اکھنور او ردیگر میں پنچایتی راج اِداروں کے اَرکان ، فو ج ،سیکورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی موجودگی میں دیہاتوں میں زائد اَز 70,000 پودے لگائے ہیں۔ ہریالی مہااُتسو کی پی سی سی ایف اینڈ ایچ او ایف ایف جے اینڈ کے ڈاکٹر موہت گیرا ،ایڈیشنل پی سی سی ایف جموں برج موہن شرما اور سی ایف ایسٹ سرکل جموں بی موہن داس کی طرف سے کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔










