جموںوکشمیر کے لینڈ ریکارڈ میں کلیریکل غلطیوں کو درست کیا جارہا ہے ۔ عمر عبداللہ

کہا، تمام اَضلاع میں ڈیجیٹلائز ڈ جمعبندیوں کی تصدیق جاری ہے ،گائوں کی سطح پر 6,800 سے زیادہ شکایات کے ازالے کیمپ منعقد کئے گئے

سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمعبندی ریکارڈ کی جاری ڈیجیٹلائزیشن اور تصدیق کے عمل کے تحت لینڈ ریکارڈ میں 1.3 ملین سے زیادہ کلیریکل غلطیوں کی نشاندہی کرکے ان کو درست کیا گیا۔وزیراعلیٰ جن کے پاس محکمہ مال کا قلمدان بھی ہے ، نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جاری خزاں سیشن کے وقفہ سوالات کے دوران رُکن اسمبلی دیویانی رانا کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں ڈیجیٹلائز کئے گئے جمعبندی ریکارڈ کی تصدیق کا عمل اس وقت جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایک مضبوط ڈیجیٹلائزیشن عمل کے ساتھ ساتھ غلطیوں کی وسیع پیمانے پر اِصلاح کا نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ ڈیجیٹلائز کئے گئے جمعبندی ریکارڈ درست اور غلطیوں سے پاک ہوں۔وزیراعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ لینڈ ریکارڈ کے نظام مستحکم اوریکل ایس کیو ایل پر مبنی ڈیٹا بیس سے ایک متحرک پوسٹگری ایس کیو ایل پلیٹ فارم پر منتقل کیا گیا ہے۔قریبی نگرانی میں تمام لینڈ ریکارڈ میں غلطی کی اِصلاح کی گئی ہے جس میں 1.3 ملین سے زیادہ کلیریکل غلطیوں کی نشاندہی کی گئی اور ان کی اِصلاح کی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزڈ ریکارڈ میں ہر اندراج کو میکر۔چیکر۔منظوری دینے والے فریم ورک کے ذریعے تین مراحل کی تصدیق کے عمل سے مشروط کیا جاتا ہے۔ جوابدہی اور ٹریس ایبلٹی کو یقینی بنانے کے لئے جمعبندی میں کی جانے والی ہر تبدیلی کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی محفوظ کیا جاتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے لینڈریکارڈ پر عوام کے اعتماد کو بڑھانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں زائد اَز6,800 گاؤں کی سطح پر شکایات ازالے کیمپ منعقد کئے گئے ہیں، جہاں لوگوںکے سامنے اَراضی ریکارڈ پڑھ کر سنائے گئے اور شکایات کا اَزالہ کیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ ’جے کے زمین سدھار پورٹل‘ تیار کیا گیا ہے تاکہ عوام اَپنے زمینی ریکارڈ کو آن لائن دیکھ سکیں اور شکایات درج کرسکیں۔ پورٹل کے ذریعے درج کی جانے والی شکایات کی نگرانی کی جاتی ہے تاکہ ان کا بروقت اَزالہ یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس اے جی۔این کے تعاون سے 2026 تک ریکارڈ آف رائٹس (آر او آر) ڈیٹا کی منظم اَپ ڈیٹ کے لئے ایک مضبوط اور محفوظ بیک لاگ میوٹیشن ماڈیول تیار کیا گیا ہے۔مؤثر نگرانی اور فیلڈ سطح کی تصدیق کے لئے سینئرریونیواَفسران کو ضلع مینٹرز اور پرابھاری اَفسران کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ یوٹی سطح، ضلع سطح اور بین تحصیل تصدیقی ٹیمیں بھی ڈیجیٹلائز کئے گئے ریکارڈ کی تصدیق کے عمل میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ نے اصل / مینوئل ریونیو ریکاردز او رڈیجیٹائزڈ جمعبندیوں کے درمیان زیر التوا میوٹیشنز،تفاوتات اور تصحیح معاملات کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ تمام اَضلاع میں تصدیق کا عمل جاری ہے اور تفاوتات کی نشاندہی اور اصلاح کے لئے ایک ہی اِدارہ جاتی طریقہ کار استعمال کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے ملکیت ،وراثت، تقسیم یا زمین کے انتقال کو متاثر کرنے والی غلط جمعبندی اندراجات کے معاملے پرکہا کہ جے کے زمین سدھار پورٹل پر ڈیجیٹائزڈ ریکارڈز دستیاب کئے گئے ہیں جس سے زمینداروں کو اَپنے ریکارڈ کا معائینہ کرنے اور شکایات پیش کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ شکایات کیمپوں اور ڈیجیٹائزیشن پورٹل کے ذریعے بھی تصدیق کی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کلیریکل یا دیگر غیر عدالتی نوعیت کی غلطیوں پر مبنی شکایات کا جائزہ لیا جاتا ہے اور مجاز ریونیو حکام کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کے تحت ان کی اصلاح کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری تصدیق، غلطیوں کی اصلاح اور شکایات کے ازالے کے میکانزم کا مقصد جموں و کشمیر کے زمینی ریکارڈز میں درستگی، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔