جاپان سے کوریا تک جشن! امریکہ-ایران امن معاہدے سے جھوم اٹھا ’گفٹ نفٹی‘، ہندوستان کے لیے گرین سگنل

جاپان سے کوریا تک جشن! امریکہ-ایران امن معاہدے سے جھوم اٹھا ’گفٹ نفٹی‘، ہندوستان کے لیے گرین سگنل

دنیا بھر کے اسٹاک مارکیٹوں میں ہفتے کے پہلے کاروباری دن زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جاپان، کوریا سے لے کر ہانگ کانگ تک کے بازار جھوم اٹھے ہیں، جبکہ گفٹ نفٹی ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں زور دار تیزی کے اشارے دے رہا ہے۔ یہ ’جشن‘ امریکہ اور ایران کے درمیا ن امن معاہدے کے حوالے سے آئی خبروں کے بعد دیکھنے میں آیا۔
دراصل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ امن معاہدے پر اتفاق کا اعلان کیا تو امریکی شیئر بازاروں میں اچانک زبردست تیزی آگئی۔ اس کے بعد پیر کو جیسے ہی ایشیائی شیئر بازاروں میں کاروبار کی شروعات ہوئی، یہ بھی راکٹ کی طرح بھاگنے لگے۔ وہیں سینسیکس-نفٹی کے لیے اہم اشارہ مانا جانے والا گفٹ نفٹی بھی تقریباً 350 پوائنٹس کی چھلانگ کے ساتھ کاروبار کر رہا تھا، جو ہندوستانی بازار میں زوردار تیزی کا سگنل دے رہا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلے ہی ایران کے ساتھ امن معاہدے کا عندیہ دے دیا تھا اور اب انہوں نے اس کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یوایس-ایران امن معاہدے کا یہ اعلان اپنے سوسل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ڈیل اب مکمل ہو گئی ہے، سبھی کو مبارک باد! میں اس کے ذریعہ آبنائے ہرمز کو بغیر کسی روک ٹوک کے کھولنے اور ساتھ ہی امریکی بحری ناکہ بندی کو فوری ہٹانے کی اجازت دیتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’دنیا بھر کے جہازوں، اپنے انجن چالو کرو، تیل کی سپلائی شروع ہونے دو!‘‘
ٹرمپ کے اس اعلان کا سب سے بڑا اثر بین الاقوامی خام تیل کی عالمی قیمتوں پر دیکھنے کو ملا ہے اور یہ کاروبار کی شروعات ہوتے ہی نیچے آگئی۔ برینٹ کروڈ کی قیمت ایک جھٹکے میں تقریباً 4 فیصد گر کر 83 ڈالر پر آگئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمتیں 80 ڈالر پر کاروبار کرتی نظر آئیں۔
ٹرمپ کے ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے کے اعلان کا براہ راست اثر شیئر بازاروں پر دیکھا گیا جہاں گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری دن امریکی شیئر بازروں میں تیزی دیکھنے کو ملی، وہیں پیر کو کھلنے کے ساتھ ہی ایشیائی بازار بم بم ہو گئے۔ جاپان کا نکی 3,500 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا وہیں وہیں ہانک کانگ کا ہینگ سینگ 130 پوائنٹ اچھل کر کاروبار کررہا تھا۔ اس کے علاوہ بات ساؤتھ کوریا کے کوسپی انڈیکس کی کریں تو یہ بھی جاپانی مارکیٹ کی طرح کی 430 پوائنٹ یا 5.40 فیصد چھلانگ لگا کر 8,552 پر پہنچ گیا۔
دوسری طرف ایشیائی شیئر بازار سے مل رہے مثبت اشارے ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں طوفانی تیزی آنے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا سینسیکس۔نفٹی کے لیے بڑا اشارہ مانا جانے والا گفٹ نفٹی انڈیکس 400 پوائنٹ سے زیادہ کی اچھال کے ساتھ 24,000 کو عبور کر گیا ہے۔ بتادیں کہ گزشتہ جمعہ کو ہندوستانی شیئر بازار میں کاروبار کے اختتام پربی ایس ای کا 30 حصص والا سینسیکس 1695 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے ساتھ 75,527.95 کی سطح پر بند ہوا تھا، جب کہ این ایس ای نفٹی 461 پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ 23,622.90 پر بند ہوا تھا۔