محرم الحرام کے پُر اَمن او راحسن اِنعقاد کیلئے محکموں کے مابین مؤثر ہم آہنگی پر زور
بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے آئی ٹی آئی پٹن میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ محرم الحرام کے پُر اَمن اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی پٹن جاوید ریاض، ممبر قانون سازاسمبلی واگورہ۔کریری عرفان حفیظ لون، رُکن اسمبلی سوپور ارشاد احمد کار، ممبر قانون ساز اسمبلی بارہمولہ جاوید احمد بیگ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، متعلقہ ضلعی اَفسران اور مقامی نمائندگان نے شرکت کی۔وزیر موصوف نے مختلف محکموں کی جانب سے کئے جا رہے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور محرم الحرام کے دنوں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بین الاضلاعی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ مقامی نمائندوں اور کمیونٹی رہنمائوںکے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی ضروریات بروقت پوری کی جا سکیں۔جاویداحمد ڈار نے پینے کے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی، بروقت صفائی مہمات، طبی ٹیموں کی تعیناتی اور ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی۔اُنہوں نے جلوس کے راستوں پر سڑکوں کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور متعلقہ علاقوں میں تمام سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے کے احکامات بھی دئیے۔وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، کمیونٹی سطح پر ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس ٹیمیں تشکیل دیں۔بارہمولہ، سوپور، پٹن اور واگورہ۔کریری کے اراکینِ اسمبلی نے اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق مسائل اور تجاویز پیش کیں جن میں لکڑی کی فراہمی، صفائی، پینے کے پانی کی دستیابی اور ٹریفک کے مؤثر انتظام جیسے مطالبات پیش کئے ۔ امور شامل تھے۔ اُنہوں نے زیادہ بھیڑ والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے اور مقامی رضاکاروں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے میٹنگ کو ضلعی سطح کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف ایکشن پلانز پر عملدرآمد جاری ہے جن میں صفائی مہم، میڈیکل رسپانس ٹیموں کی تشکیل، سڑکوں کا معائینہ اور کمیٹیوں کے تعاون سے لکڑی کی فراہمی شامل ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ضلع اِنتظامیہ محرم الحرام کے پُر امن و احسن اِنعقاد کے لئے پوری طرح تیار ہے۔اِس موقعہ پر پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اَفسران نے بھی اَپنے محکموں کی تیاریوں کی تفصیلات فراہم کیں اور جلوسوں کے دوران اَمن و امان اور ٹریفک کے مؤثر اِنتظام کے لئے مکمل تیاری کی یقین دہانی کی۔










