ریاستی جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) نے مرکزی حکومت کی طرف سے پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے اسکالرشپ اسکیم کو بند کرنے کے احتجاج میں ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر وزیر اعظم کا پتلانذرآتش کرنے کا پروگرام منعقد کیا۔پٹنہ ضلع جے ڈی یو کی طرف سے بھی انکم ٹیکس گولمبر پر پتلانذر آتش کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر جے ڈی یو کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ جے ڈی یو کارکنان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباءکے لئے اسکالرشپ اسکیم کو روک کر اس سماج کے لوگوں کے ساتھ سازش کی ہے۔مودی حکومت پر پسماندوں کی توہین کرنے اور ریزرویشن ختم کرنے کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے جے ڈی یو کارکنان نے کہا کہ بی جے پی حکومت شروع سے ہی دلت مخالف اور پسماندہ مخالف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک سے ریزرویشن کے نظام کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ پسماندہ طبقات کو سماجی ترقی کے اس آئینی حق کا فائدہ نہ مل سکے۔جے ڈی یو کے کارکنان نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے ریاست میں کرائی جا رہی ذات پرمبنی مردم شماری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بہار کے لوگوں نے مودی حکومت سے ذات پرمبنی کی مردم شماری کا مطالبہ کیا تو انہوں نے اسے فوراً مسترد کر دیا، جو ان کی پسماندہ اور غریب مخالف سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔










