بڑھتی فضائی آلودگی کے درمیان گریپ قوانین میں تبدیلی، اسٹیج 3اور 4میں اسکولوں کی فزیکل کلاسز بند

دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ اس کے تحت، سی اے کیو ایم (کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ) نے گریپ کے قوانین میں ترمیم کی ہے۔ اب گریپ کے اسٹیج 3 اور 4 کے نفاذ کے ساتھ، اسکولوں میں فزیکل کلاسز کو بند کرنا لازمی ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے ریاستی حکومت کے پاس ایسا کرنے یا نہ کرنے کا اختیار تھا۔ تبدیل شدہ قوانین کے مطابق، GRAP-III کے لاگو ہونے کے بعد پانچویں جماعت تک کی فزیکل کلاسز روک دی جائیں گی۔ مطلب پھر پڑھائی آن لائن ہوگی۔ ساتھ ہی، GRAP-IV لاگو ہونے کے بعد، 10ویں تک کی پڑھائی آن لائن موڈ میں منتقل ہو جائے گی۔ یعنی اس کلاس تک کے طلبہ کو اسکول نہیں جانا پڑے گا۔ اب تک اصول یہ تھا کہ ریاستوں کو یہ فیصلہ کرنا ہوتا تھا کہ اسکول کھولیں یا آن لائن موڈ میں کلاسز چلائیں۔ GRAP-III میں کچھ نئی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس میں این سی آر ریاستوں کی حکومتوں کو بھی دفتری اوقات میں تبدیلی کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ GRAP 4 کے نافذ ہونے پر ‘ماسک پہننے کا مشورہ’ بھی شامل کیا گیا ہے۔ لکھا گیا ہے کہ گھر سے باہر نکلنا ضروری ہو تو ماسک پہن کر نکلیں۔واضح رہے کہ این سی آر میں دہلی کے ساتھ ساتھ اس کے آس پاس کی تین ریاستوں – اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان کے کئی اضلاع بھی شامل ہیں۔
واضح رہےکہ گریپ کا چوتھا اسٹیج فی الحال دہلی-این سی آر میں لاگو ہے۔ اس کے علاوہ 12ویں تک کے سکول بند ہیں۔ فی الحال دہلی کی ہوا میں معمولی بہتری ہے۔ اس وقت اے کیو آئی کی سطح 400 سے نیچے ہے۔ اب دہلی کی ہوا ‘شدید’ سطح کے بجائے ‘انتہائی خراب’ سطح پر ہے۔